خیبر پختونخوا میں تبدیلی،محکمہ خزانہ کاضلعی، تحصیل اور یوسی ویلج کونسلوں کو پہلی سہ ماہی کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء

مجموعی طور پر سات ارب بیس کروڑ چالیس لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے

ہفتہ 2 جولائی 2016 09:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جولائی۔2016ء)خیبر پختونخوا میں تبدیلی اور اصلاحات کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں محکمہ خزانہ نے یکم جولائی کو نئے مالی سال کاآغاز ہوتے ہی ضلعی، تحصیل اور یوسی ویلج کونسلوں کے تحت پہلی سہ ماہی کی ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے مجموعی طور پرسات ارب بیس کروڑ چالیس لاکھ روپے کے فنڈ جاری کر دئیے جو فوری طور متعلقہ اکاؤنٹس کو منتقل ہو گئے ہیں اس ضمن میں محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے تین الگ نوٹیفیکیشن جاری ہوئے ہیں جن کے مطابق صوبے میں ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کیلئے سب سے زیادہ فنڈ یعنی 2ارب 78کروڑ 37لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ جاری کی گئی ہے جبکہ اضلاع (اکاؤنٹ فور ڈسٹرکٹ فنڈ) کیلئے 2ارب 21 کروڑ روپے اور اتنی ہی مالیت کی گرانٹ تحصیل و ٹاؤن انتظامیہ (اکاؤنٹ ون) کیلئے ریلیز کی گئی ہے واضح رہے کہ محکمہ خزانہ نے تینوں سطح کی کونسلوں اور اداروں کیلئے صوبائی فنانس کمیشن کے متعین کردہ فارمولے کے عین مطابق پہلی سہ ماہی کے مکمل فنڈ بلاامتیاز جاری کئے ہیں اور کسی بھی علاقے یا کونسل کے فنڈ نہیں روکے چاہے وہاں سیاسی یا انتظامی مسائل ہی کیوں نہ ہوں تاکہ ترقیاتی مقاصد کیلئے فنڈز ہمہ وقت دستیاب ہوں اور ترقیاتی و میونسپل خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے۔