کراچی میں شوکت خانم اسپتال کے لئے 12 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں،عمران خان

کراچی میں جو ٹارگٹ رکھا تھا پورا ہوگیا ہے،کراچی کے شہریوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، فنڈز دینے میں کراچی سب سے آگے ہے سال کے آخر میں کراچی کے شوکت خانم کینسر اسپتال کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا،اس کے نقشے اور ڈیزائن کا کام ایک آرکیٹیکٹ کمپنی کو دے دیا گیا ہے، شوکت خانم فن ریذنگ پروگرام اور افطارڈنر کی تقریب سے خطاب ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت اور عبدالستار ایدھی کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 2 جولائی 2016 10:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جولائی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں شوکت خانم اسپتال کے لئے 12 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں کراچی میں جو ٹارگٹ رکھا تھا پورا ہوگیا ہے۔کراچی کے شہریوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ فنڈز دینے میں کراچی سب سے آگے ہے۔ انشاء اللہ اس سال کے آخر میں کراچی کے شوکت خانم کیسنسر اسپتال کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا،اس کے نقشے اور ڈیزائن کا کام ایک آرکیٹیکٹ کمپنی کو دے دیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں شوکت خانم فن ریذنگ پروگرام اور افطارڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی، عمران اسماعیل،فیصل واڈا، اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں بڑی تعدادمیں کراچی کی معروف کارباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میں کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرے ساتھ بھر تعاون کیا ہے۔

اور اس مرتبہ بھی میرا کراچی کے حوالے سے 12کروڑ کا ٹارگٹ تھا اسے اپنے بھر پور تعاون سے پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک غریب لوگوں کے علاج پر بائیس ارب روپے خرچ کرچکا ہے۔کینسر کا علاج سب سے مہنگا ہے۔اس سال ساڑھے 4سو کروڑ روپے جمع کرنے ہیں۔جو پاکستانی ہر سال باہر کے ممالک میں اپنا کینسر کا علاج کراتے ہیں اس پیسے سے پاکستان میں ہر سال ایک اسپتال بنا سکتے ہیں عمران خان نے کہا کہ نوے فیصد لوگ اپنا کینسر کا علاج کرا ہی نہیں سکتے ہیں۔

میاں نواز شریف بھی باہر علاج کے لئے گئے ہوئے ہیں امید ہے کہ وہ واپس آجائینگے۔انہوں نے کہا کہ ایک غریب افراد کا فری علاج ہوتا ہے دوسرا امیر لوگوں کو علاج کی سہولت میسر ہے۔نواز شریف تو علاج کے لئے باہر گئے ہیں میں نے دو مرتبہ اپنا علاج شوکت خانم میں ہی کرایا ہے۔مجھے کینسر نہیں ہے۔فنڈز دینے میں کراچی سب سے آگے ہے۔عمران خان کی تقریر کے دوران بجلی چلی گئی۔

جس پر عمران خان نے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ یہاں بجلی کی بندش سے ہمارا وقت ضائع ہوگا۔نواز لیگ کے وزیروں نے جب سے شوکت خانم پر کرپشن کے الزامات لگائے ہیں۔جو چور ہوتے ہیں وہ اسی طرح سے سوچتے ہیں۔بے بنیاد الزامات کے بعد ماضی کے مقابلے میں زیادہ فنڈز ملے ہیں۔لاہور میں دو افطار پارٹیوں میں چوبیس کروڑ روپے جمع کئے تھے ۔لگتا ہے ن لیگ کے الزامات کا کراچی والے جواب دے رہے ہیں۔

اب میں ن لیگ والوں سے شوکت خانم پر مزید الزام لگواونگا تاکہ عوام زیادہ عطیات دے۔کراچی کے شہریوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے۔ دل سے آپکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وعدہ کرتا ہوں کراچی میں زبر دست اسپتال بناؤ گا۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امجد صابری کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امجد صابری کے جانے سے کراچی آپریشن کو دھچکا لگا ، ان کے قاتلوں کو پکڑ کر عبرتناک سزا دی جائے ، عبدالستار ایدھی پاکستان کی پہچان ہیں ، قوم ایدھی صاحب کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں ۔

وہ جمعہ کو کراچی میں امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت اور عبدالستار ایدھی کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ عمران خان نے ایدھی سینٹر میں سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عبد الستار ایدھی نے انسانیت کی بھلائی کیلئے کام کیا ، عبد الستار ایدھی لیجنڈ ہیں ،ا ن کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا، ایدھی صاحب نے 27سال قبل شوکت خانم ہسپتال کو بھی بڑا عطیہ دیا تھا ۔

عمران خان نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کی پہچان ہیں ، قوم ایدھی صاحب کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔بعدازاں عمران خان نے لیاقت آباد میں صابری ہاؤ س میں امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے آیا تھا ، امجد صابری کی والدہ ،بچوں اور بھائیوں سے ملا ہوں ، امجد صابری بہترین انسان تھے ، کچھ لوگوں کے جانے پر بہت دکھ ہوتا ہے ،امجدصابری ان میں سے ایک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امجد صابری کو کرکٹ کا بھی شوق تھا ، کرکٹ کی دنیا میں بھی ان کی شہادت پر افسوس ہے ، امجد صابری جیسے اچھے انسان کو کیوں قتل کیا اس کا پتہ لگانا چاہیے ۔ امجد صابری کی شہادت پر ملک بھر میں صدمے کی لہر پھیل گئی ۔ عمران خان نے مجد صابری شہید کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امجد صابری کے جانے سے کراچی آپریشن کو دھچکا لگا ، ان کے قاتلوں کو پکڑ کر عبرتناک سزا دی جائے۔