افغانستان ،کابل میں پولیس بس پر2خودکش حملے 40اہلکار ہلاک ،متعدد زخمی

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی

جمعہ 1 جولائی 2016 10:41

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جولائی۔2016ء)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس بس پر2خودکش حملوں سے 40اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس بس پر 2خودکش حملے ہوئے ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 40 کے قریب پولیس اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغانی میڈیا کے مطابق کابل کے مغربی علاقے میں پولیس کے کیڈٹس کو لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنایاگیا۔کیڈٹس تقسیم اسنا د کی ایک تقریب سے واپس آرہے تھے کہ ایک شخص گاڑی کے آگے آگیا اور دھماکہ کردیا جبکہ ساتھ ہی موجود دوسرے شخص نے بھی اپنے آپ کو اڑا لیا جس کی وجہ سے ہونے والے زوردھماکوں نے تباہی پھیلا دی۔

(جاری ہے)

افغانستان کے وزیر داخلہ سعدی صدیقی نے بتایا کہ پولیس کی دو گاڑیوں کو بم دھماکے کا نشانہ بناگیا ہے، دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے کہ دھماکا خودکش تھا یا کار میں بم نصب تھا، ہم ابھی اس وقت حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔

پگمن ڈسٹرکٹ گورنر حاجی محمد موسیٰ خان نے کہاہے کہ حملے میں ہلاک ہونے کے علاوہ کئی افراد بھی زخمی ہیں۔خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی سکیورٹی اہلکاروں کی ایک بس پر حملہ کیا گیا تھا جس میں سوار دس افرادجوکینیڈین سفارتخانے کے نیپالی محافظ تھے ہلاک ہوئے تھے۔