مذاکرات کیلئے بھارت کے جواب کا انتظار ہے ،ملک میں سول اور ملٹری قیادت میں ہم آہنگی ہے:دفتر خارجہ

ایف 16 ڈیل ختم نہیں ہوئی،مذاکرات کادروازہ کھلاہے،پاکستان نے ممبئی حملوں کی تحقیقات کیلئے بھارت سے مزید ثبوت مانگ لئے،افغان مہاجرین کی باضابطہ واپسی کے خواہشمند ہیں، نفیس زکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 1 جولائی 2016 10:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جولائی۔2016ء) پاکستان نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں جس کے لئے بھارت سے مزید ثبوت مانگ لئے ہیں،سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا لیکن بھارت نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا،پاکستان اپنی مسلح افواج پر فخر کرتا ہے ،افواج پاکستان جمہوری عمل کی حامی ہے،سول ملٹری ہم آہنگی اس بات کا ثبوت ہے، افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت 31 دسمبرتک بڑھادی گئی ہے،پاکستان ا فغان مفاہمتی عمل میں معاونت کے لئے تیار ہے، امریکا نے ایف 16 طیاروں کی فراہمی کی ابتدائی منظوری دے دی تھی صرف مالی معاملات کے مسائل تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کے حوالے سے پاکستان نے بھارت سے مزید ثبوت مانگ لئے ہیں جس کے لئے سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے، ممبئی حملوں کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں جس کے لئے مذید ثبوت درکار ہیں تاہم بھارت کی جانب سے فی الحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری چاہتا ہے اور پاک بھارت دوطرفہ مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے، پاکستان بھارت سے آنے والے سیاحوں کو خوش آمدید کہتا ہے، مقدس مقامات پر ایک دوسرے کے عوام کو آنے جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری مسلح افواج جمہوری عمل کی حامی ہیں، تمام امور پر سول اور ملٹری ہم آہنگی ہے، نیوکلئیرسپلائرز گروپ کے اجلاس میں پاکستان کے موقف کی توثیق کی گئی، پاکستان این ایس جی کی رکنیت حاصل کرنے کی صلاحیت و اہلیت رکھتا ہے اور رکنیت کے حصول کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار بھارتی جاسوس سے تحقیقات کی جاری ہیں اور تحقیقات کی روشنی میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث افراد تک پہنچا جا رہا ہے۔ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا ں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت 31 دسمبرتک بڑھادی گئی ہے، پاکستان میں 30 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں جن میں سے آدھے سے زائد رجسٹرڈ ہیں، مہاجرین کی واپسی کے لئے افغان حکومت اوراقوام متحدہ سے سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں، پاکستان افغان مہاجرین کی باضابطہ واپسی چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چار ملکی گروپ میں موجود ہے اورافغان مفاہمتی عمل میں معاونت کے لئے تیار ہے جب افغانستان مذاکرات کے لئے تیار ہوگا ہم سہولت فراہم کریں گے۔پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ امریکی سنیٹرجان میک کین جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، پاک امریکا تعلقات کو صرف ایف 16 کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، امریکا نے ایف 16 طیاروں کی فراہمی کی ابتدائی منظوری دے دی تھی جس کے لئے فنانسنگ کے معاملے پر مسائل تھے، ایف سولہ سے پاکستان کی ہدف وار نشانہ لگانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایم ٹی سی آر میں شمولیت کے لئے مناسب وقت پر درخواست کرے گا،روس اور ترکی کے تعلقات میں بہتری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے ترکی میں ہونے والے حملے اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔