امریکا عراق کو 6.5 فیصد شرح سود کے ساتھ 2.7 ارب ڈالر کا دفاعی قرضے فراہم کرے گا

جمعرات 30 جون 2016 10:26

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جون۔2016ء)امریکا عراق کو 2.7 ارب ڈالر کا دفاعی قرضے فراہم کرے گا، مذکورہ 2.7 ارب ڈالر کے امریکی فوجی قرضہ پر سالانہ شرح سود قریب 6.5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔عراقی حکومت واشنگٹن کو مجموعی طور پر 4.9 ارب ڈالر تک واپس کرنے کی پابند ہو گی۔ بغداد میں امریکی سفارت خانے کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بغداد حکومت کو ملک میں عراق اور شام کے متعدد علاقوں پر قابض دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف جس بڑی جنگ کا سامنا ہے، اس میں اسے بہتر ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔

اس مقصد کے لیے بغداد حکومت کے فوجی دستوں کو گولہ بارود کی فراہمی کے علاوہ جنگی طیاروں، ٹینکوں اور دیگر فوجی ساز و سامان کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کی طرف سے 2.7 بلین ڈالر کا فوجی قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق عراقی حکومت کو یہ فوجی قرضہ ساڑھے آٹھ سال کے عرصے میں واپس کرنا ہو گا اور اس مدت میں ایک سال کی توسیع بھی ممکن ہو گی۔

سفارت خانے کے بیان کے مطابق یہ قرضہ سالانہ بنیادوں پر 6.45 فیصد کی شرح سود پر مہیا کیا جائے گا۔ ان رقوم سے عراق اپنے ایف سولہ جنگی طیاروں کی سروس کرا سکے گا، ایم ون اے ون طرز کے ٹینکوں کی دیکھ بھال ممکن ہو سکے گی اور اس کے علاوہ بکتر بند گاڑیوں اور جنگی ہیلی کاپٹروں تک کے مسلسل قابل استعمال رہنے کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ امریکا نے عراق کو ایف سولہ طرز کے جنگی طیارے پہلی مرتبہ 2015ء میں فراہم کیے تھے۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق اسی فوجی قرضے کی مدد سے عراق کی اْم قصر بندرگاہ اور ملک کے جنوب میں تیل کی دیگر تنصیبات کے لیے حفاظتی نظاموں اور عراقی بحریہ کے جہازوں کی دیکھ بھال بھی ممکن ہو سکے گی۔عراق میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے 2014ء میں ملک کے قریب ایک تہائی علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف جنگ کے اخراجات اور عالمی منڈیوں میں تیل کی مسلسل کم ہوتی ہوئی قیمتوں کے باعث بغداد حکومت کی مجموعی آمدنی بہت کم ہو چکی ہے جبکہ پہلے کی طرح عراق اب بھی ملکی آمدنی کے لیے سب سے زیادہ انحصار اپنے برآمدی تیل پر ہی کرتا ہے۔

عراق کے لیے اس امریکی فوجی قرضے کی اہم بات یہ ہے کہ داعش کے خلاف جنگ کے تناظر میں واشنگٹن بغداد کو 2.7 بلین ڈالر دے گا لیکن زیادہ سے زیادہ ساڑھے نو سال کے عرصے میں سود در سود کی وجہ سے عراقی حکومت واشنگٹن کو مجموعی طور پر 4.9 ارب ڈالر تک واپس کرنے کی پابند ہو گی۔ اگر بغداد نے یہ قرض جلد لوٹا دیا، تو واپس کیے گئے اس قرضے کی مجموعی مالیت کچھ کم رہے گی۔

متعلقہ عنوان :