وزیر اعظم نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی عارضی قیام میں مزید چھ ماہ توسیع کی منظوری دے دی

رجسٹرڈ افغان مہاجرین 31 دسمبر 2016 تک قیام کر سکیں گے، ترجمان وزیر اعظم ہاؤس

جمعرات 30 جون 2016 10:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جون۔2016ء) ترجمان وزیر اعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی عارضی قیام میں مزید چھ مہینے کی توسیع کی منظوری دے دی ہے ۔ رجسٹرڈ افغان مہاجرین 31 دسمبر 2016 تک قیام کر سکیں گے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں مزید چھ مہینے کی توسیع کی منظوری دینے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔

وزیر اعظم نے وزارت سیفران و سرحدی امور اور یو این ایچ سی آر کو افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے معاملے کو افغان حکام کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت بسنے والے افغان مہاجرین کے کیمپوں کو تین سال تک بلامعاوضہ گندم فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

افغانستان میں مہاجرین کیمپوں میں گندم خاندان کی تعداد کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی جبکہ کے پی کے حکومت نے افغان مہاجرین کے قیام میں مزید توسیع دینے سے انکار کرتے ہوئے سینکڑون افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور وفاقی حکومت کو انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر وفاق افغان مہاجرین کے قیام میں توسیع کرانا چاہتا ہے تو پنجاب میں افغان مہاجرین کے کیمپ لگانے کی اجازت دی جائے ۔