کوئٹہ میں مون سون کی پہلی طوفانی بارش و ژالہ باری نے تباہی مچا دی ، دو بچے جاں بحق ،10 افراد زخمی

ایک شخص کو برساتی نالے سے زندہ نکال لیا گیا ، بجلی و مواصلاتی نظام درہم برہم شہر کی تمام سڑکیں برساتی نالوں کا منظرپیش کرنے لگیں سول ہسپتال کوئٹہ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں واقع مکانات میں پانی داخل

منگل 28 جون 2016 10:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جون۔2016ء) وادی کوئٹہ میں مون سون کی پہلی طوفانی بارش و ژالہ باری سے تباہی مچ گئی دو بچے جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے ایک شخص کو برساتی نالے سے زندہ نکال لیا گیا شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث کوئٹہ شہر میں بجلی و مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا کوئٹہ شہر کی تمام سڑکیں برساتی نالوں کا منظرپیش کرنے لگیں سول ہسپتال کوئٹہ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں واقع مکانات میں پانی داخل ہو گیا سول ہسپتال میں پانی داخل ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بارش کے باعث شہر میں 23 فیڈر مکمل طورپر فیل ہوگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ میں پیر کی شام شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جو مسلسل ایک گھنٹے تک جاری رہی جس کے باعث کوئٹہ شہر میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی اور پہاڑوں پر شدید بارش کے باعث پانی شہر میں داخل ہو گیا جس کی وجہ شہر کی تمام شاہرائیں پرنس روڈ ‘ لیاقت بازار ‘ جناح روڈ ‘ سول ہسپتال ‘ امداد چوک ‘ ڈبل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی پانی کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور زیادہ پانی کی وجہ سے گھروں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا سول ہسپتال اور بی ایم سی میں سیلابی پانی داخل ہونے سے آپریشن تھیٹر ‘ شعبہ حادثات سمیت وارڈوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں نواں کلی ‘ بلیلی ‘ ہدہ ‘ سریاب ‘ ہزار گنجی سمیت دیگر علاقوں میں مکانات اور دیواریں منہدم ہونے سے دو بچے اصغر اور محمد اشرف موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 10 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ کئی علاقوں میں سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے بارش کے باعث شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی معطل ہو کر رہ گئی اور شہر کے 13 فیڈرمیں کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی اور کیسکو حکام نے رات گئے تک کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی ۔