مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک ،نجف عباس سیال نے تردید کردی

50 سے 60 اراکین اسمبلی کو وفاقی وزراء کے رویئے سے شکایت ہے ، ملاقات تو درکنار، ٹیلی فون سننا بھی گوارا نہیں کرتے مریم نوازسے ملاقات بھی ہوئی جس کے بعد مطمئن ہیں،کیے گئے وعدوں کی وفا چاہتے ہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 28 جون 2016 09:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جون۔2016ء)حکمران جماعت مسلم لیگ ن میں مبینہ فارورڈ بلاک کے مبینہ لیڈر نجف عباس سیال نے فارورڈ بلاک بنانے کی تردید کردی تاہم اعتراف کیا ہے کہ50 سے 60 اراکین اسمبلی کو وفاقی وزراء کے رویئے سے شکایت ہے ، ملاقات تو درکنار، ٹیلی فون سننا بھی گوارا نہیں کرتے ، اسی لیے افطار پارٹیوں کا بھی بائیکاٹ کیا، مریم نوازسے گزشتہ دنوں ملاقات بھی ہوئی جس کے بعد مطمئن ہیں اور کیے گئے وعدوں کی وفا چاہتے ہیں۔

جھنگ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی نجف عباس سیال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے مریم نواز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں ہم نے اپنی شکایات بتائیں۔ مریم بی بی کو بتایا کہ وزراء کا رویہ اچھا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایک آدھ منسٹرز کو چھوڑ کر باقی سب بات کرنا گوارہ نہیں کرتے اور خواجہ آصف، بلیغ الرحمان اور طارق فضل چوہدری کے علاوہ کوئی بھی وزیر فون نہیں سنتاہم منتخب ایم این اے ہیں، اس طرح کے رویے سے تکلیف ہوئی ہے۔

وزراء کی افطارپارٹیوں کابائیکاٹ بھی اسی لیے کیاہے۔ اسحاق ڈار نے بجٹ میں بھی ہماری زرعی پیکج کے حوالے سے کوئی شنوائی نہیں کی ہے۔ چوہدری جعفراقبال ، رضاحیات ہراج، رانا اجمل، شیخ افضال اور حاجی اسلم انصاری سمیت ہم 50 سے 60 ایم این ایز ہیں جو سمجھتے ہیں کہ وزراء کو رویہ درست کرنا چاہیے۔انہو ں نے بتایا کہ مریم نواز کی جانب سے یقین دلایا گیا ہے کہ وزیر اعظم واپس آئیں گے تو پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں ہماری شکایات سنی جائیں گی اور ان کا ازالہ بھی ہوگا۔مریم نواز نے اپنا رابطہ نمبر دیا اور کہاکہ شکایت کی صورت میں رابطہ کیا جاسکتاہے۔ مریم نواز ہمارے لیڈرکی بیٹی ہے اور اس پر پورا اعتماد ہے۔

متعلقہ عنوان :