جیو انٹرٹینمینٹ پر عامر لیاقت کا پروگرام "انعام گھر" تین دن کے لیے بند

پیمرا نے پابندی سیکشن 27کے تحت لگا ئی، اطلاق منگل سے جمعرات تک ہو گا، خلاف ورزی کی صورت میں چینل بند کر دیا جائے گا

منگل 28 جون 2016 10:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جون۔2016ء)پیمرا شکایات کونسل سندھ کا 34واں اجلاس پروفیسر انعام باری کی زیر صدارت پیمرا ریجنل آفس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جیو انٹرٹینمینٹ کے پروگرام " انعام گھر" کو جاری کردہ اظہارِ وجوہ نوٹس مورخہ 14 جون 2016ء کی سماعت کی گئی۔ مذکورہ نوٹس مورخہ 06جون 2016ء کو جیو انٹرٹینمینٹ کے پروگرام میں ایک لڑکی کی پنکھے سے لٹک کر خود کشی کے مناظر دکھانے اور ایک مہمان کی محض انعام جیتنے کے لالچ میں گالی نکالنے، جو کہ براہِ راست نشر ہوئی، پر جاری ہوا۔

میٹنگ میں جیو انٹرٹینمینٹ کے اس میزبان ، عامر لیاقت حسین ،کے پروگرام مورخہ 25 جون 2016ء کو ایک خاتون کالر کی نا مناسب گفتگو آن ایئر جانے کا وڈیو کلپ بھی کونسل ممبران نے دیکھا ۔

(جاری ہے)

ایک کونسل ممبر نے میزبان کی ایک کھمبے کے ساتھ لپٹ کر گانا سننے کی ویڈیو کی تفصیلات باقی ممبران سے شیئر کی۔جیو انٹرٹینمینٹ کے نمائندہ نے کونسل سے استدعا کی کہ چینل کو اس پروگرام کے بارے میں موصول شدہ سیکڑوں شکایات پر تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے پندرہ دن کا ٹائم دیا جائے۔

کونسل نے چینل کا موقف سنتے ہوئے تاکید کی کہ عید کی چھٹیوں کے بعد تیسرے دن تک جواب دائر کر دیا جائے ۔ عوامی شکایات پر جیو انٹرٹینمینٹ کا جواب موصول ہونے پر مزید کاروائی کی جائے گی۔ تاہم ابتدائی طور پر کوڈ آف کنڈکٹ کی مسلسل خلاف ورزی پر جیو انٹرٹینمینٹ کا موقف سننے کے بعد ،کونسل آف کمپلینٹس نے "انعام گھر" کی نشریات کو28جون 2016ء سے 30 جون 2016ء تک 3دن کے لیے معطل کرنے کی سفارش کی اور چینل کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس قسم کے غیر پیشہ وارانہ عمل جن کے باعث ناظرین کی دل آزاری ہوئی پر اَن ایئر معذرت نشر کریں۔

یہ معذرت پروگرام کے میزبان عامر لیاقت حسین واضح طور پر یکم جولائی2016ء کو پروگرام کے آغاز پر خود ناظرین سے کریں گے اور آئندہ کوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے حکم عدولی یا معذرت نہ کرنے کی صورت میں پروگرام کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔لہٰذا کونسل کی سفارشات پر مجاز اتھارٹی نے سیکشن 27 کے تحت جیو انٹرٹینمینٹ کو ہدایت کر دی ہے کہ " انعام گھر " پروگرام کو 28 جون 2016ء سے 30 جون 2016ء تک نشر نہ کیا جائے اور یکم جولائی کو پروگرام کے شروع میں عامر لیاقت حسین کو معافی نشر کرنے کا پابند کیا جائے عدم تعمیل کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔

اس سلسلے میں تمام ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔کونسل نے چینل کی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ وہ پروگرام کے میزبان کو پروگراموں کے معیار اور سماجی، معاشرتی و مذہبی اقدار کی پاسداری کا پابند بنائیں تاکہ ناظرین تک معیاری اور صاف ستھری تفریح باہم پہنچائی جا سکے۔ کونسل نے پاک فوج کی یونیفارم کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کو آئی ایس پی آ ر کی اجازت اور پیمرا کو مطلع کرنے سے مشروط کیا۔ اجلاس میں فرہاد زیدی ، محترمہ حوری نورانی ، محترمہ انجم آراممبران کونسل اور اشفاق جمانی (آر جی ایم /سیکرٹری کونسل) بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :