مراد علی شاہ نے میری منتیں کی تھیں کہ ان کی اور وزیر اعلیٰ کی تقریر کے دوران احتجاج نہ کیا جائے ،خواجہ اظہار الحسن

آئندہ بجٹ سے پہلے سندھ حکومت کو فارغ کر دیں گے،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی

اتوار 26 جون 2016 10:19

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جون۔2016ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ سندھ کے سینئر وزیر سید مراد علی شاہ نے میری منتیں کی تھیں کہ ان کی اور وزیر اعلیٰ کی تقریر کے دوران احتجاج نہ کیا جائے ۔ آئندہ بجٹ سے پہلے سندھ حکومت کو فارغ کر دیں گے ۔ وہ ہفتہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ اور وزیر خزانہ سندھ کی تقریر بجٹ پر تقریر کی بجائے صرف ریس کے مترادف تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی سے ریونیو کی صورت میں بھتہ وصول کیا جاتا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنی تقریر میں کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ذکر نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے رینجرز کی کارکردگی اپنے کھاتے میں ڈال لی ۔

وزیر اعلیٰ یہ بتائیں کہ وہ رینجرز کے کپتان ہیں بھی یا نہیں ۔ میں ڈی جی رینجرز سے کہتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کا نام لے کر ایم کیو ایم کی کردار کشی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 مئی کا فسانہ سنانے والوں میں 27 دسمبر کی تباہی کا ذکر تک نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزراء سے درخواست ہے کہ وہ اردو کی ٹانگیں نہ توڑیں ۔