پاکستان اسٹاک مارکیٹ کارباری ہفتہ کے اختتام پر بدترین مندی کی لپیٹ میں آگئی

کے ایس ای100انڈیکس 38ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدسے نیچے گر گیا،9بالائی حد کی کمی سے انڈیکس37300پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب سے زائد روپے ڈوب گئے

ہفتہ 25 جون 2016 09:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء) پاکستان اسٹاک مارکیٹ کارباری ہفتہ کے اختتام پر بدترین مندی کی لپیٹ میں آگئی،کے ایس ای100انڈیکس 38ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدسے نیچے گر گیا اور9بالائی حد کی کمی سے انڈیکس37300پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعہ کاروبار کے آغاز سے ہی ملکی تاریخ کی شدید ترین مندی کی زد میں رہی ،منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباؤ اور سرمائے کے انخلاء نے مارکیٹ کا بھٹہ بٹھا دیا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب سے زائد روپے ڈوب گئے ،کاروبار کے دوران انڈیکس36825پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا جبکہ سے سرمائے کا مجموعی حجم76کھرب روپے سے گھٹ کر74کھرب روپے پر آگیا ۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات قریب آنے سے مارکیٹ سست روی کا شکار ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی مارکیٹ سے دوری بھی مندی کی لہر کو بڑھا رہی ہے رول اوور ویک کی وجہ سے آئندہ دنوں میں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا رجحان برقرار دیکھاجا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کاروباری مندی کی وجہ سے انڈیکس38200،38100،37000،37900،37800،37700،37600،37500اور37400 پوائنٹس کی9بالائی حد سے نیچے گر گیا اور37300پوائنٹس کی پست ترین سطح پر بند ہوا ۔

جمعہ کو کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں848.01پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس38237.89پوائنٹس سے کم ہو کر37389.88پوائنٹس پرآگیااسی طرح کے ایس ای30انڈیکس588.40پوائنٹس کی کمی سے 21347.16پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس25438.69پوائنٹس سے کم ہو کر24947.36پوائنٹس پربند ہوا۔جمعہ کے روز مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب47ارب29کروڑ41لاکھ67ہزار418روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 76کھرب26ارب11کروڑ69لاکھ33ہزار873روپے سے گھٹ کر74کھرب78ارب82کروڑ27لاکھ66ہزار455روپے رہ گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کے روز23کروڑ68لاکھ39ہزار حصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو15ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ جمعرات کے روز11کروڑ36لاکھ58ہزارہزار حصص کے سودے ہو ئے تھے اور ٹر یڈنگ ویلیو6ارب روپے تک محدودرہی تھی۔پا کستان اسٹاک ما رکیٹ میں جمعہ کے روز مجموعی طور پر341کمپنیوں کا کا روبار ہوا جس میں سے44کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،276میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک2کروڑ41لاکھ،ورلڈکال ٹیلی کام1کروڑ52لاکھ،دیوان سیمنٹ1کروڑ31لاکھ،اینگروفرٹیلائزر1کروڑ4لاکھ اورٹی آرجی پاک لمیٹڈ1کروڑ2لاکھ حصص کے سو دوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتا رچڑھا ؤ کے اعتبارسے نیسلے پاک کے بھاؤمیں50روپے اورکولگیٹ پامولیوکے بھاؤمیں40روپے کااضافہ جبکہ رفحان میظ کے بھاؤمیں430روپے اورباٹاپاک کے بھاؤمیں50.05روپے کی نمایاں کمی ریکا رڈکی گئی۔

متعلقہ عنوان :