پیپلز پارٹی قیادت کا آزاد کشمیر الیکشن کے بعد چوہدری عبد المجید کو پارٹی صدارت کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

پارٹی عہدے کیلئے چوہدری یاسین ، سردار یعقوب خان اور سردار قمر الزامان کے ناموں پر غور شروع

ہفتہ 25 جون 2016 09:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء) آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کے فوراً بعد چوہدری مجید سے وزارت عظمیٰ کے ساتھ ساتھ پارٹی صدارت بھی چھن جائے گی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن کے فوراً بعد وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے پارٹی صدارت واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی شکایت پر کیا گیا ہے پارٹی صدارت کیلئے تین نام پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو پیش کردیئے گئے ہیں جن میں سینئر وزیر چوہدری یاسین ، صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان اور سردار قمر الزامان کا نام شامل ہے ۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے میرپور کے ضمنی الیکشن ہارنے کے بعد ہی چوہدری عبدالمجید سے پارٹی صدارت لینے کا فیصلہ کرلیا تھا جس پر چوہدری عبدالمجید نے اعلیٰ قیادت سے درخواست کی تھی کہ عام انتخابات سے قبل پارٹی صدارت تبدیل کرنے سے پارٹی کو نقصان ہوگا اس لئے یہ فیصلہ عام انتخابات تک موخر کیا جائے چوہدری مجید کی بار بار زرداری ہاؤس حاضری کے بعد اس بات پر اتفاق کرلیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ آزاد کشمیر آئندہ انتخابات کے ٹکٹو ں کی تقسیم سے قبل آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے اکثریت رہنماؤں نے چوہدری عبدالمجید پر عدم اعتماد کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی قیادت کے پاس شکایات کے انبار لگادیئے ہیں اور پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں پارٹی صدارت کو تبدیل کیا جائے جس پر مرکزی قیادت نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ آئندہ انتخابات کے فوراً بعد چوہدری عبدالمجید سے پارٹی قیادت واپس لے لی جائے گی اور غالب امکان ہے کہ چوہدری یاسین کو پارٹی صدارت دی جائے گی