صدر مملکت نے فنانس ایکٹ 2016ء کی منظوری دیدی،فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005ء 25 جون سے نافذ العمل ہو جائے گا،ترجمان ایف بی آر

ہفتہ 25 جون 2016 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء) صدر مملکت نے فنانس ایکٹ 2016ء کی منظوری دیدی ہے۔ ایف بی آر کے ایک ترجمان نے کہا کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005ء 25 جون سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ مختلف اشیاء پر سیلز ٹیکس میں ردوبدل اور کمی لائی گئی ہے۔ چینی پر ایف ای ڈی ختم کر دی گئی ہے اور اب چینی پر سیلز ٹیکس 8 فیصد کی شرح سے وصول ہوگا۔

زرعی ادویات اوران کے فعال اجزاء پر 7 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا۔ فنانس ایکٹ 2016ء کے ذریعے انہیں سیلز ٹیکس سے مبرا قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

زرعی ٹریکٹروں پر 10 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا اور فنانس ایکٹ 2016ء کے ذریعے زرعی ٹریکٹروں پر سیلز ٹیکس کم کر کے 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ یوریا کھاد پر 17 فیصد کی معیاری شرح سے سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا جو کم کر کے 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فنانس ایکٹ 2016ء کے تحت کیٹیگری بی اور کیٹیگری سی کے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس بالترتیب 500 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار روپے اور ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہ تمام متعلقہ ٹیکس دہندگان کو چاہیے کہ وہ نئی شرح کے مطابق سیلز ٹیکس وصول اور ادا کریں، جو 25 جون سے موثر ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :