روسی خلائی ایجنسی ”روس کاسموس“ نے سال 2030 تک چاند پر مستقل اڈے بنا نے کا فیصلہ کرلیا

منصوبے کے تحت چاند کے قطبین پر بجلی کا اسٹیشن بنا کر وہاں رہائشی کالونی کو توانائی فراہم کی جائے گی

ہفتہ 25 جون 2016 10:17

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء) روسی خلائی ایجنسی ”روس کاسموس“ نے سال 2030 تک چاند پر مستقل اڈے بنا کر وہاں اپنے 12 خلانوردوں کو دیرتک بسانے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔روسی خبررساں اداروں کے مطابق اس منصوبے کے لیے لیونا 25 نامی ایک خلائی جہاز بھی تیارکرلیا گیا ہے جو چاند پر بسنے کی راہ ہموار کرے گا۔ اس کے علاوہ چاند تک بھاری سامان بھیجنے کے لیے انگرا اے 5 وی نامی طاقتور ترین راکٹ کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت چاند کے قطبین پر بجلی کا اسٹیشن بنا کر وہاں رہائشی کالونی کو توانائی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ خلانوردوں کو ریڈی ایشن اور دیگر مضر اشیا سے محفوظ رکھنے کے لیے خاص حفاظتی اسٹرکچر بھی تعمیر کئے جائیں گے۔اس سے قبل روسی خلائی ایجنسی نے کہا تھا کہ وہ چاند پر 2024 تک ایک خلائی جہاز روانہ کرے گی تاکہ اگلے 6 برس میں انسانوں کو وہاں بسانے کا کام شروع کیا جاسکے۔ ناقدین کے مطابق روس وہاں عسکری اڈہ بنانا چاہتا ہے جب کہ بعض ممالک کے مطابق روسیوں کی نظر چاند کی قیمتی معدنیات پر ہے۔

متعلقہ عنوان :