برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے نے ایک اونس سونے کی قدر ایک ہزار پاوٴنڈ تک پہنچا دی

ہفتہ 25 جون 2016 10:12

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء) برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے نے برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں سونے کے سکوں اور سلوں کی مانگ بڑھا دی جس سے لندن سپاٹ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس نرخ میں یکدم ایک فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔گزشتہ تین برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک اونس سونے کی قدر ایک ہزار پاوٴنڈ تک جا پہنچی ہے۔

برطانوی عوام کی جانب سے یورپی یونین سے اخراج کے حق میں اپنی رائے دینے کے بعد پاوٴنڈ کی قدر میں غیرمعمولی کمی دیکھی گئی ہے، جب کہ مالیاتی منڈیوں کو بھی ایک شدید دھچکا پہنچا ہے۔ اسی تناظر میں سرمایہ کار پاوٴنڈ کی بجائے سونے پر تکیہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔جمعے کے روز پاوٴنڈ کے مقابلے میں سونے کی قدر میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

ڈیلروں کے مطابق مالیاتی منڈیوں میں اچانک گراوٹ کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے سونے کی خرید میں دلچسپی دکھائی ہے۔

برطانیہ میں سونے کی خرید میں ڈرامائی اضافہ دیکھا گیا ہے۔سونے کی خرید و فروخت میں سرگرم بْلین مرچنٹس بائرڈ ایک کمپنی نامی کمپنی کے ڈائریکٹر ٹونی ڈوبرا کا کہنا ہے کہ لندن میں ہم خریداروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھ رہے ہیں۔ڈبلن میں قائم ایک تحقیقی ادارے گولڈکور کے ریسرچ ڈائریکٹر مارک اوبرین کا کہان ہے کہ سونے کی آ ن لائن خرید میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سونے کے سکوں کی طلب میں اچانک واضح اضافہ ہو گیا ہے اور سرمایہ کار اپنے پیسے کو اسی خریداری میں لگاتے نظر آ رہے ہیں۔سونے کی تجارت میں مصروف ایک اور ادارے رائل منٹ کا کہنا ہے کہ اس کمپنی نے جمعرات سے اب تک سونے کی خریداری میں ساڑھے پانچ سو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ادھر شارپس پیکسلی نامی ایک اور طلائی کاروباری ادارے کے مطابق اسے بھی خریداروں کی جانب سے سونے کی شدید طلب کا سامنا ہے اور اس کے پاس بریٹاینیہ سکے اور سونے کی اینٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ اسی تناظر میں اس ادارے نے اپنے جرمن اور سوئس دفاتر سے اضافی سونا منگوایا۔

متعلقہ عنوان :