کوئٹہ ،عالمو چوک میں بم دھماکہ میں بچے سمیت4 افراد جاں بحق،2 خواتین اور6 سکول بچوں سمیت 31 سے زائد افراد زخمی، 5 کی حالت تشویشناک

خضدار میں بھی کھلونا بم دھماکے سے تین بچے زخمی وزیراعلیٰ بلوچستان نے عالمو چوک پر ہونیوالی بم دھماکے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 25 جون 2016 09:48

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء ) کوئٹہ کے نواحی علاقے عالمو چوک میں بم دھماکہ میں بچے سمیت4 افراد جاں بحق جبکہ2 خواتین اور6 سکول بچوں سمیت 31 سے زائد افراد زخمی ہو گئے زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے دھماکے سے قریبی دکانوں، گاڑیوں، رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا خضدار میں بھی کھلونا بم دھماکے سے تین بچے زخمی ہو گئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے عالمو چوک پر ہونیوالی بم دھماکے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے عالمو چوک کلی عالم خان پھاٹک کے قریب بند دکانوں کے قریب سائیکل بم کا زور دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں علاقہ بم دھماکے سے گونج اٹھا اور بم دھماکے میں1 بچے سمیت4 افراد حاجی عثمان،اور فضل محمد سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے اور ایک13سالہ نوجوان خدائے نور سی ایم ایچ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ2 خواتین اور6 سکول بچوں سمیت31 سے زائد افراد جن میں راز محمد، رضا محمد، تعلیک حسین، تعلیک عمران، اکبر شاہ، محب اللہ، سلمان احمد، خدائے نور، سمیع اللہ، غلام حیدر، سلمان احمد، بشیراحمد، عبداللہ، محمد ستار، عمیر احمد، فضل محمد، احمد شاہ، نصیب اللہ، حاجی عبدالحکیم، حاجی گل محمد، اصغر علی، جاوید احمد، نثار احمد، ثناء اللہ وغیر ہ شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ایمبولنسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے سول ہسپتال کوئٹہ پہنچا یا گیا جہاں پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے واقعہ کے بعد کوئٹہ کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئیں اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا بم دھماکے سے 2 گاڑیوں،1 رکشے،4 دکانوں اور3 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنیوالے ادارے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ، ڈی آئی جی کوئٹہ سمیت اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے عالمو چوک بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلیٰ حکا م کو ہدایت کر دی کہ ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے وزیراعظم بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بنا نے والے درندہ صفت عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا اور شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت اور موثر بنا نے کیلئے ہدایت جاری کر دی گئی دریں اثنا خضدار کے علاقے میں کھلو نا نما بم پھٹنے سے3 بچے شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا گیا مزید کا رروائی ضلعی انتظامیہ کر رہی ہے۔