مہاجرین کی رجسٹریشن میں تاخیر کسی صورت بھی خطے کے مفاد میں نہیں، بغیر رجسٹریشن کے صحیح و غلط کی پہچان ممکن نہیں،پرویز خٹک

جمعہ 24 جون 2016 10:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جون۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خطے میں امن کے قیام کیلئے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ مہاجرین کی رجسٹریشن میں تاخیر کسی صورت بھی خطے کے مفاد میں نہیں کیونکہ بغیر رجسٹریشن کے صحیح و غلط کی پہچان ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نو کے لئے محکمہ صحت حکومت خیبرپختونخوا، منسٹری آف سٹیٹس اینڈ فرنٹیئر ریجن اور دفتر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے درمیان معاہدے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی، وزیر تعلیم محمد عاطف، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین، سیکرٹری صحت حکومت خیبرپختونخوا، سیکرٹری داخلہ ، کمشنر افغان مہاجرین ، چیف کوآرڈنیٹر راہا اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری صحت حکومت خیبرپختونخوا عابد مجید ، چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین ڈاکٹر عمران زیب اور دفتر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے نمائندہ اندر یکا راتواتی نے لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نو کیلئے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کی رو سے دفتر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین منصوبے کیلئے تفصیلی پلان اور دیگر ملحقہ سہولیات کی تعمیر کیلئے ڈیزائن کی تیاری کیلئے ماہر کی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شعبہ حادثات اور ایڈمنسٹریشن بلاک کی تعمیر کیلئے 1.25 ملین ڈالر کی مالی معاونت بھی فراہم کرے گا جبکہ محکمہ صحت حکومت خیبرپختونخوا لیاقت میموریل ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے کو راہا کی مالی معاونت کے حامل اپنے سالانہ ترقیاتی پلان میں شامل کرے گا۔

اس کے علاوہ محکمہ صحت ماسٹر پلان اور ڈیزائن کی تیاری میں معاونت فراہم کرے گا۔ مزید برآں محکمہ صحت متعلقہ سرکاری محکموں کے ذریعے منصوبے کے عملی نفاذ کے ساتھ تعمیر ی کام کی نگرانی کرے گا تاکہ ہسپتال کی معیاری تعمیر کویقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کی رجسٹریشن ، ان کی وطن واپسی اور دیگر متعلقہ مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپ گرانڈی نے افغان مہاجرین کی واپسی اور رجسٹریشن میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے ساتھ بدستور بات کر رہے ہیں انہوں نے صحت و تعلیم کے محکموں میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقداما ت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ کئی دہائیوں سے صحت و تعلیم کے ناکافی انفراسٹرکچر کے باوجود افغان باشندوں اور مہاجرین کا بوجھ اُٹھا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجرین کے علاوہ بھی افغانستان سے لوگ علاج معالجے کیلئے خیبرپختونخوا میں آتے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے کو زیادہ مسئلہ غیر رجسٹرڈ مہاجرین سے ہے۔

انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مہاجرین کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاک افغان سرحد پر نقل و حرکت کو منظم کئے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں وزیراعلیٰ نے وفد پر واضح کیا کہ مہاجرین کی رجسٹریشن کے سلسلے میں وہ بار ہا وفاقی حکام سے رابطہ کر چکے ہیں تاکہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن میں تاخیر کسی صورت بھی خطے کے مفاد میں نہیں انہوں نے کہاکہ خطے میں امن عامہ کے قیام کیلئے حکومت پاکستان، افغانستان اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو مسئلہ بروقت حل کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کرنا ہو ں گے۔

متعلقہ عنوان :