2016 یورو کپ میں پرتگال کی ٹیم اب تک فتح کے حصول سے محروم

محرومی نے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ،غصے میں ایک صحافی کا مائیک اٹھا کر نہر میں پھینک دیا

جمعرات 23 جون 2016 13:03

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جون۔2016ء)2016 یورو کپ میں پرتگال کی ٹیم اب تک فتح کے حصول سے محروم ہے اور یہی وجہ ہے کہ پرتگال کے کپتان اور اسٹار کرسٹیانو رونالڈو شدید دباوٴ میں ہیں۔آسٹریا اور آئس لینڈ کے خلاف میچ میں پرتگال کی ٹیم غیر متوقع طور پر فتح حاصل نہ کر سکی اور دونوں میچ ڈرا پر ختم ہوئے۔پرتگال کی ٹیم کی مکمل طور پر انحصار رونالڈو پر ہے جو خود آوٴٹ فارم ہونے کے سبب گول کرنے سے محروم ہیں اور شاید یہی دباوٴ ہے کہ انہوں نے غصے میں ایک صحافی کا مائیک اٹھا کر نہر میں پھینک دیا۔

(جاری ہے)

پرتگال کے اسٹرائیکر لایون میں ٹیم ہوٹل کے قریب اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے کیلئے نکلے تھے جب اسی دوران ایک رپورٹر ان سے سوال پوچھنے کیلئے آ دھمکا۔21 سیکنڈ کی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ رونالڈو نے رپورٹر کے ہاتھ سے مائیک لے کر قریبی نہر میں اٹھا کر پھینک دیا۔ان کی اس نئی حرکت سے میڈیا میں دباوٴ کا شکار کھلاڑی کے خلاف ایک نیا محاذ بھی کھل جو اس سے قبل ایونٹ میں پرفارم نہ کرنے پر خاصے پریشان ہیں۔آئس لینڈ کے خلاف میچ ڈرا ہونے پر رونالڈو نے حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے سے انکار کر دیا تھا جبکہ آسٹریا کے خلاف میچ میں انہوں نے پینالٹی ضائع کردی تھی۔