میں اسلام کا سپاہی ہوں

امریکی ایف بی آئی نے نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے عمر متین کی جانب سے کی جانے والی کالز کی تفصیلات جاری کردیں

بدھ 22 جون 2016 11:18

اورلینڈو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جون۔2016ء) امریکی تحقیقاتی ایجنسی فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے عمر متین کی جانب سے کی جانے والی کالز کی تفصیلات جاری کردیں۔ایف بی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری ریکارڈ کے مطابق حملے کے دوران پولیس سے فون پر بات کرتے ہوئے عمر متین نے خود کو ’اسلام کا سپاہی‘ قرار دیا اور کلب میں موجود افراد کی کمر پر خود کش بیلٹس باندھنے کی دھمکی دی۔

حملہ آور اورلینڈو کلب میں تین گھنٹے تک موجود رہا جس کے بعد پولیس اسے ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئی، اس دوران پولیس اور عمر متین کے درمیان کئی بار رابطہ ہوا۔عمر متین نے پولیس کے مذاکرات کاروں سے کہا کہ ’امریکا سے کہو شام اور عراق پر بمباری بند کرے، امریکا کے اسی اقدام کی وجہ سے میں آج یہاں ہوں‘۔

(جاری ہے)

عمر متین نے کلب کے اندر سے پہلی کار ایمرجنسی سروس 911 کو ملائی اور آپریٹر سے کہا کہ ’میں ابوبکر البغدادی کی اطاعت کا اعلان کرتا ہوں، خدا اس کی حفاظت کرے‘۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کو یقین ہے کہ افغان نڑاد امریکی شہری عمر متین کا 12 جون کا حملہ انفرادی عمل تھا اور اسے کسی بھی شدت پسند تنظیم کی معاونت یا حمایت حاصل نہیں تھی۔قبل ازیں ایف بی آئی اور امریکی محکمہ خارجہ نے عمر متین کے فون کالز کی جزوی معلومات جاری کی تھیں اور ان میں سے داعش کے سربراہ کا نام حذف کردیا تھا تاکہ اسے پروپیگنڈا کے طور پر استعمال نہ کیا جاسکے