پیمرا شکایات کونسل سندھ کا آج ٹی وی اور ٹی وی ون کو فوراً معافی نشر کرنے کا حکم

منگل 21 جون 2016 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جون۔2016ء)پیمرا شکایات کونسل کراچی کا 33واں اجلاس آج چیئرپرسن پروفیسر انعام باری کی زیر صدارت پیمرا ریجنل آفس کراچی میں منعقد ہوا۔ کونسل نے میسرز ریکارڈر ٹیلی ویژن نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ (آج نیوز) کے پروگرام " رمضان ہمارا ایمان" میں میزبان حمزہ علی عباسی اور میسرز ائیر ویوز میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (ٹی وی ون) کے پروگرام " عشق رمضان " کے میزبان شبیر ابو طالب اور مولانا کوکب نورانی اوکاڑوی کے خلاف شکایت پر بحث کرتے ہوئے دونوں چینلزکو حکم دیا کہ حساس معاملات پر غیر پیشہ وارانہ اور غیر ذمہ دارانہ گفتگو نشر کرنے پر دونوں ٹی وی چینلز فی الفور معافی نشر کریں۔

ٹی وی ون اور آج ٹی وی نے شکایات کونسل کو یقین دلایا کہ وہ جلد از جلد معافی نشر کریں گے تا کہ ان کی وجہ سے پھیلنے والے انتشار میں کمی واقع ہو سکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پیمرا نے آج نیوز کے پروگرام " رمضان ہمارا ایمان" کے میزبان حمزہ علی عباسی اورٹی وی ون کے پروگرام " عشق رمضان " کے میزبان شبیر ابو طالب اور مولانا کوکب نورانی اوکاڑوی کے خلاف عوامی شکایات موصول ہونے پر مذکورہ اشخاص پر پابندی عائد کر دی تھی کہ وہ کسی پروگرام کی میزبانی نہیں کر سکتے۔

معافی نشر کرنے کے بعد حمزہ علی عباسی ، شبیر ابو طالب اور مولانا کوکب نورانی اوکاڑوی پر عائد پابندی ختم ہو جائے گی اور وہ ٹی وی پروگرام میں شرکت کر سکیں گے۔ پیمرا تمام ٹی وی چینلز سے توقع کرتا ہے کہ وہ آئندہ اپنے پروگراموں میں ضابطہٴ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے تاکہ پیمرا کو سخت ایکشن نہ لینا پڑے۔

متعلقہ عنوان :