ڈیرہ غازی خان، بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے سربراہ سمیت 16ملزمان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش

، عدالت نے تمام ملزمان کا 45روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا دیگر چار مقدمات میں غلام رسول چھوٹو کا 30روزہ جسمانی ریمانڈ کے احکامات جاری

منگل 21 جون 2016 09:42

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جون۔2016ء) قتل ، ڈکیتی ، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 16ملزمان کو ڈیرہ غاز ی خان میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ، عدالت نے تمام ملزمان کا 45روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ،جبکہ دیگر چار مقدمات میں غلام رسول چھوٹو کا 30روزہ جسمانی ریمانڈ کے احکامات جاری کر دیئے ،تفصیلات کے مطابق چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو کو دیگر پندرہ ساتھیوں خالد عرف خالدی کجلانی ،اسحاق چنگوانی ، دین اللہ ، نادر ، غلام حیدر ، حاکم ، جمعہ ، راشد ، بہرام ، بشیر ، رزاق ، ماجد ، بھولا ، قاسم وغیرہ کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں ڈیرہ غازیخان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ، اس موقع پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے کنونئیر و ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) عطا محمد ، ایس پی سی ٹی ڈی بہاولپور آفتاب احمد ،ایس ایچ او تھانہ بنگلہ اچھا طالب حسین کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ، خصوصی عدالت کے جج وجاہت حسین خان نے تھانہ بنگلہ اچھا میں درج پانچ الگ الگ مقدمات کی سماعت کی اور مقدمہ نمبر 47/16 میں غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 16ملزمان کا 45روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 04اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ، جبکہ تھانہ بنگلہ اچھا کے دیگر چار مقدمات 67/11,69/11,15/03,40/04میں غلام رسول عرف چھوٹو کا 30روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے دوبارہ 19جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔