چوہدری پرویز الٰہی نے الیکشن کمیشن ارکان کے چناؤ کے لیے بنائی گئی کمیٹی کو متنازع قرار دیدیا

تمام اپوزیشن جماعتوں کو شامل کئے بغیر نظام درست نہیں ہوسکتا، خدشہ ہے کہ ایک بار پھر تاریخ دہرائی جائے گی اور آئندہ الیکشن بھی متنازع ہوں گے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب

پیر 20 جون 2016 09:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جون۔2016ء) چوہدری پرویز الٰہی نے الیکشن کمیشن ارکان کے چناؤ کے لیے بنائی گئی کمیٹی کو متنازع قرار دیدیا۔پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کے چناوٴ کے لئے بنائی گئی کمیٹی متنازع ہے کیونکہ اس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی نہیں، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو شامل کئے بغیر نظام درست نہیں ہوسکتا۔

الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری متفقہ طور پر کی جائے گی تو عوام انتخابات کی شفافیت پر یقین کریں گے۔ لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہیٰ نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن ایک پارٹی کی اپوزیشن بن چکی ہے، ملک میں مک مکا کی سیاست چل رہی ہے لیکن ہم کسی کو ایسی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی متنازع ہے، خدشہ ہے کہ آنے والے الیکشن بھی ماضی کی طرح متنازع ہی ہوں گے۔

پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں بھی تمام صوبوں نے اپنے اپنے نمائندے بنائے وور اس کے بعد نتیجہ سب کے سامنے ہے، اس لئے خدشہ ہے کہ ایک بار پھر تاریخ دہرائی جائے گی اور آئندہ الیکشن بھی متنازع ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کا طریقہ کار وضع کیا جائے اور کمیٹی میں متفقہ طور پر دیئے گئے ناموں کی تشہیر کرکے عوام کو اس پر اعتماد میں لیا جائے۔