یاسر شاہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کیلئے پرعزم

شین وارن سے رابطے میں ہوں کیونکہ ان کا انگلینڈ میں ریکارڈ شاندار ہے اور ان سے ٹپس بھی لے رہا ہوں، یاسر شاہ

اتوار 19 جون 2016 10:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جون۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دورہ انگلینڈ میں اچھی کارکردگی کا عزم دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق عظیم شین وارن سے مدد لینے کا ا ظہار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ' میں شین وارن سے رابطے میں ہوں کیونکہ ان کا انگلینڈ میں ریکارڈ شاندار ہے اور ان سے ٹپس بھی لے رہا ہوں'۔لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ 'میں نے ان کی انگلینڈ میں باوٴلنگ کی ویڈیوز ز دیکھی ہیں اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے جیسا کہ مختلف زاویوں سے گیند کو سلو کرنے سمیت دیگر چیزیں سیکھی ہیں'۔

یاسر شاہ نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں شین وارن سے ٹپس لیں تھیں جبکہ شین وارن نے ان کی صلاحیتوں کو سراہا تھا۔ان سے دوبارہ ملاقات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے یاسر نے کہا کہ 'اگر متحدہ عرب امارات کی طرح میں ان سے دوبارہ مل سکا تو یہ شاندار ہوگا'۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں پاک- انگلینڈ سیریز میں یاسر نے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کیا تھا اسی لیے موجودہ دورے پر سب کی نظریں ان پر مرکوز ہیں۔یاسر شاہ نے اب تک 12 ٹیسٹ میچوں میں 76 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ابتدائی تین ٹیسٹ میچوں میں 24 وکٹیں حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم پندرہ ٹیسٹ میچ کھیل کر 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرسکتے ہیں۔