حکومت نے بجٹ میں زرعی شعبے کو خاص ترجیح دی ہے، اسحاق ڈار

کھاد قیمتوں میں کمی ، مینوفیکچر کے ساتھ لمبی گفت و شنید کے بعد عمل میں آئی صوبے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اپنے تعاون کو بڑھائیں، بجٹ میں زرعی شعبے کیلئے مراعات کی موڈیلٹیز پر عملدرآمد بار ے اجلاس سے خطاب

اتوار 19 جون 2016 10:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جون۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں زرعی شعبے کو خاص ترجیح دی ہے ۔ کھاد کی قیمتوں میں کمی ، مینوفیکچر کے ساتھ لمبی گفت و شنید کے بعد عمل میں آئی ہے ۔ صوبے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اپنے تعاون کو بڑھائیں ۔ہفتہ کے روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال 2016-17 بجٹ میں زرعی شعبے کیلئے مراعات کی موڈیلٹیز پر عملدرآمد بارے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ اور پنجاب و سندھ کے صوبائی وزراء زراعت نے شرکت کی وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اہم اعلانات کئے ہیں وہ امید کرتے ہیں کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے صوبائی حکومتیں وفاق کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائیں گی اور اس شعبے کے پوٹنشل کو حاصل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھاد کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کہا کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی مینوفیکچر کے ساتھ کافی گفت و شنید کے بعد عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اپنے تعاون کو بڑھائیں ۔صوبائی وزراء نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے اعلان کردہ اقدامات کو خوش آمدید کہا کہ صوبائی حکومتیں کسانوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو کہ قیمتوں میں کمی اور پیداواری لاگت میں اضافے کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔

اجلاس میں بجٹ میں کھاد پر دی گئی سبسڈی اور اس کی تقسیم کے میکنزم پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ اس دوران تفصیلی طریقہ کار پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اتفاق کیا گیا ہے کہ کھاد پر سبسڈی صوبائی و وفاقی پیکج کے ذریعے مہیا کی جائے گی ۔ اجلاس میں دیگر زرعی اجناس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے مل کر کام کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :