وزیراعظم نواز شریف نے ناراض لیگی ارکان اسمبلی کی شکایات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

شہباز شریف کو شکایات سے متعلق معاملے کی تحقیقات کی ہدایت

اتوار 19 جون 2016 10:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جون۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے ناراض لیگی ارکان اسمبلی کی شکایات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو لیگی ارکان کی شکایات سے متعلق معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے ، لیگی ارکان نے 2 خواتین وزراء سے متعلق بھی شکایات کے انبار لگا دیئے اور کہا کہ تمام وزراء کا رویہ ہتک آمیز ہے، انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی بھی بات نہیں مانتی‘ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں لیگی ارکان کے تحفظات کا نوٹس لے کر شہباز شریف کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تقریر کے دوران لیگی ارکان اسمبلی نے احتجاجاً واک آؤٹ کرلیا تھا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے حکم پر شہباز شریف نے اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسے حالات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ اسحاق ڈار نے تمام لیگی ارکان اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ ناراض اراکین کا مطالبہ ہے کہ وزراء انکے ساتھ رویہ درست کریں زرعی مشینری پر سیل ٹیکس میں کمی ‘ جی ایس ٹی ‘ زرعی قرضوں پر شرح سود کم کیا جائے ، 84 ارکان اسمبلی نے اسحاق ڈار کو تحریری طور پر اپنے مطالبات سے آگاہ کیا ہے۔