رکن قومی اسمبلی کرایہ وصول نہ ہونے پر انصاف کیلئے تھانے پہنچ گیا

مصدق ریاض نامی شہر ی کو گھر کرایہ پر دیا، توڑ پھوڑ کر کے گھر کو کمرشل بنا لیا ،کرایہ بھی ادا نہیں کر رہا،اعجاز الحق پولیس نے سابق وفاقی وزیر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے اقدامات شروع کر دیئے،ذرائع

ہفتہ 18 جون 2016 09:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء)رکن قومی اسمبلی اورسابق وفاقی وزیر کرایہ دار سے کرایہ وصول نہ ہونے پر انصاف کے لیے تھانے پہنچ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اعجاز الحق نے تھانہ کوہسار میں درخواست دی کہ مصدق ریاض نامی شہر ی کو انہوں نے اپنا گھر سیکٹر ایف سیون میں کرایہ پر دیا مگر اس نے توڑ پھوڑ کر کے گھر کو کمرشل بنا دیا اور اسے استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے اور کرایہ بھی ادا نہیں کر رہا ہے ،گھر کی توڑ پھوڑ اور کمرشل بنانے کی انہیں کوئی خبر تک نہیں تھی ،لہذا میری مدد کرتے ہوئے میرا گھر خالی کروا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں ۔

انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے مقدمہ نمبر 241درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے ۔واضع رہے کہ نومبر 2015 سے اب تک اعجاز الحق کے کرائے دار نے کرایہ ہی ادا نہیں کیا، جو 27 لاکھ روپے زائد بنتا ،ملزم سے پیسوں کی ریکوری کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔