گلبرگ قتل عام کیس،بھارتی عدالت میں 69 افراد کے قاتل 11 مجرمین کو عمر قید تا دم مرگ کی سزا،12 کو سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی

ہفتہ 18 جون 2016 10:49

احمدآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء) بھارتی عدالت نے گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ٹھہرائے گئے 24 لوگوں میں سے قتل کے 11 مجرم کو عمر قید تا دم مرگ کی سزا سنائی ہے۔بھارتی ریاست گجرات میں گودھرا فسادات کے بعد 28 فروری 2002 کو سابرمتی ایکسپریس کے ایک ڈبے کوآگ لگا کر 69 مسلمانوں کو زندہ جلا دیا گیا تھا،زندہ جلائے جانے والوں میں کانگریس کے سابق مسلمان ممبر پارلیمنٹ احسان جعفری بھی شامل تھے،قتل کی کوشش کے ایک مجرم کو دس سال اور وشو ہندو پریشد کے لیڈر اتل وید سمیت باقی 12 کو سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

خصوصی عدالت کے جج پی بی دیسائی نے اس واقعہ کوکبھی کبھار ہی ہونے والا واقعہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے مجرمین کو پھانسی کی سزا نہیں سنائی اور کہا کہ تا دم مرگ عمر قید کی سزا کافی ہے جو صدر کی طرف سے معافی دینے کے علاوہ ختم نہیں ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ اور شہری حقوق کی تنظیموں نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرمین موت کی سزا کے مستحق تھے لیکن ان سے نرمی برتی گئی۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ اس کیس کے خلاف اپنی قانونی لڑائی جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ بھارتی تاریخ کے بد ترین گودھرا فسادات میں ملوث 90 فیصد نامزد افراد کو ضمانت پر رہائی مل چکی ہے اور ان پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :