اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر پر حالیہ جھڑپوں پر شدید تشویش کا اظہار

ہفتہ 18 جون 2016 10:44

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر پر حالیہ جھڑپوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں سے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان سٹیفن ڈیوجیرک نے کہا کہ بان کی مون پاک افغان سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے بہت فکرمند ہیں اور انہوں نے دونوں فریقین سے اس حوالے سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لاکھوں کے تعداد میں افغان مہاجرین مقیم ہیں جن کی پاکستان نے میزبانی کی ہے جس کی ہم تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بین الاقوامی قوانین اور کنوینشنز پر سختی سے عمل ہونا چاہیئے۔