ایم کیو ایم کو تنہا کرنے کے لئے پرانے الزامات لگائے جارہے ہیں، منہاج قاضی کے رینجرز کی تحویل میں الزامات لگائے جسے یکسر مسترد کرتے ہیں،فاروق ستارکی نائن زیرو پر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 18 جون 2016 10:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو تنہا کرنے کے لئے پرانے الزامات لگائے جارہے ہیں اور منہاج قاضی کے رینجرز کی تحویل میں الزامات لگائے جسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نائن زیرو کے سابق سیکیورٹی انچارج منہاج قاضی رینجرز کی تحویل میں ہیں اور ان کا ویڈیو بیان 90 روزہ تحویل میں لیا گیا جس میں تمام پرانے الزامات لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم منہاج قاضی کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتی ہے، اس ویڈیو کے پس پردہ عوامل اور مقاصد کا جائزہ لے رہے ہیں، ایم کیو ایم کو 1998 میں بھی تنہا کرنے کے لئے الزام لگایا گیا اور آج پھر وہی پرانے الزامات لگائے جارہے ہیں۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکیم سعید قتل کیس میں ایم کیو ایم کے کارکنان کو عدالت نے باعزت بری کیا، ایم کیو ایم پر الزامات غیرقانونی اور غیرآئینی ہیں اس لئے سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ پر لگائے گئے الزامات پر ازخود نوٹس لے اور منہاج قاضی کے بیان کے ساتھ خالد شمیم کی ویڈیو کا بھی نوٹس لیا جائے۔