انسداد دہشت گردی راولپنڈی عدالت نے بیٹی کا گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد نعش کو آگ لگانے کے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعہ حذف کرتے ہوئے مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک کو منتقل کر دیا

جمعہ 17 جون 2016 09:58

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جون۔2016ء)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے فتح جنگ کے علاقے میں بیٹی کا گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد نعش کو آگ لگانے کے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعہ حذف کرتے ہوئے مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک کی عدالت میں منتقل کر دیاہے جبکہ بھتہ خوری کے مقدمہ میں نامزد ملزم کی 2 مقدمات میں درخواست ضمانتیں خارج کر دیں گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزم طارق محمود کی جانب سے دائر23اے ٹی اے کی درخواست پر عدالت نے وکلا کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے درخواست منظور کرلی اور مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعہ حذف کرتے ہوئے ملزم کو ہدایت کی وہ 23جون کوڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک کی عدالت میں پیش ہو، ملزم پر الزام تھا کہ اس نے اپنی بیٹی مسماة(الف) کو گلا دباکرموت کے گھاٹ اتارنے کے بعد نعش پرمٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگادی تھی پولیس نے متوفیہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھاادھرملزم عابد عباسی کے خلاف تھانہ سٹی پولیس نے الگ الگ 2 مقدمات درج کئے جن میں ملزم نے ان مقدمات میں ضمانت کیلئے درخواست ضمانتیں دائر کیں جو عدالت نے خارج کر دیں جبکہ ایک کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شہریوں اور تاجروں سے زبردستی بھتہ مانگا ، تھانہ سٹی اور تھانہ گنج منڈی پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کئے۔