تحریک انصاف نے میر پور میں ن لیگ کی کمر توڑ دی

چوہدری یوسف اظہر نے ن لیگ کا ٹکٹ کو ٹھکرا دیا،پی ٹی آئی میں شامل

بدھ 15 جون 2016 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جون۔2016ء )آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلقہ ڈڈیال سے پانچ دفعہ کے ممبر اسمبلی و سابق وزیر چوہدری یوسف اور انکے جانشین و مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اظہر صادق کی اہم وکٹیں حاصل کرکے میرپورڈویژن میں مسلم لیگ ن کی کمر توڑ دی۔چوہدری یوسف اظہر صادق ن لیگ کا ٹکٹ چھوڑکر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے ۔

پیپلز پارٹی کی اہم وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ن لیگ کی ان اہم وکٹوں کے گرنے کے بعد اب دونوں پارٹیوں سے پی ٹی آئی کشمیر میں مزیداہم لوگ بھی شامل ہورہے ہیں۔اب عمران خان کے مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کشمیر کی انتخابی مہم شروع ہونے کے بعد اب ایسا لگ رہا ہے کہ پی ٹی آئی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بنی گالہ میں چوہدری یوسف اور اظہر صادق کی مسلم لیگ ن کا ٹکٹ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے دونوں رہنماؤ ں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدیدکہا اور کہاکہ جسطرح اب عوام پاکستان میں کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی لوگ کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔

آزاد کشمیر سے اگر کرپشن ختم ہو جائے تو اسے ایک ماڈل اسٹیٹ بنایا جا سکتا ہے۔ڈڈیال میں بیرون ملک آباد لوگوں کی اکثریت ہے جو کہ آزاد کشمیر کی ترقی میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ چوہدری یوسف اور اظہر صادق کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پارٹی کو آزاد کشمیر میں بالعموم اور میرپور ڈویژن میں بالخصوص بڑی زبردست تقویت ملے گی۔

دونوں رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے میرپورڈویژن میں مسلم لیگ ن کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور یہاں سے ن لیگ کا صفایا ہو گیا ہے۔اس موقع پر تقریب میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء جہانگیر خان ترین،علیم خان،سرور خان،حمید پوٹھی،ظفر انور، سردار امتیازخانخان ظفر خان، امجد بٹ اور حلقہ ڈڈیال کی درجنوں سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں۔