نواز حکومت کا مالیاتی تقسیم میں چھوٹے صوبوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک فیڈریشن کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے،بلاول بھٹو زرداری

تمام وفاق پرست سیاسی قوتوں کو چاہیے نواز حکومت کی جانب سے اپنے حصے کے سیاسی مفادات کیلئے وفاقی اکائیوں کے درمیان نامناسب مالیاتی تقسیم والے عمل کی حوصلہ شکنی کریں،چیئرمین پیپلز پارٹی

بدھ 15 جون 2016 10:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جون۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ نواز لیگ حکومت کی جانب سے وفاقی پول سے مالیاتی تقسیم میں چھوٹے صوبوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک فیڈریشن کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے،تمام وفاق پرست سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ نواز حکومت کی جانب سے اپنے خصیص سیاسی مفادات کے لیے وفاقی اکائیوں کے درمیان نامناسب مالیاتی تقسیم والے عمل کی حوصلہ شکنی کریں،بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ کی جانب سے بلاول ہاؤس میں سندھ بجٹ پر بریفنگ کے دوران کیا، صوبائی وزیر خزانہ نے پیپلزپارٹی چیئرمین کو سندھ بجٹ کی کاپیاں بھی پیش کیں اور انہیں صوبائی بجٹ کے اہم نکات پر بریفنگ دی،اس موقع پر ایدیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈولپمینٹ وسیم احمد اور سیکریٹری خزانہ سہیل راجپو ت بھی موجود تھے،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پسماندہ عوام کیلئے جدوجہد کی ہے اور اس بات کو سامنے رکھا ہے کہ پاکستان کوبحیثیت ایک متحد قوم کے آگے بڑہنا اور ترقی کرنا چاہیے، ملک کے کسی بھی حصے کو سیاسی اور مالیاتی معاملات میں نظرانداز کرناصوبوں اور وہاں کے عوام میں بے اعتمادی پیدا کرنے کے مترادف ہے،بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ سے کہا کہ وہ نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کے لیے باقی صوبوں کو بھی ساتھ لے ،صوبوں میں مساوی اور منصفانہ مالیاتی تقسیم کے لیے نیا مالیاتی ایوارڈدرکار ہے،بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ کو یہ بھی ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی اسکیموں کی وقت پر تکمیل کیلئے رقمیں بھی وقت پر جاری کرنے کو یقینی بنایا جائے۔