شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمے کے مالک جاوید آفریدی کے ساتھ اختلافات کے اشارے دے دیئے

منگل 14 جون 2016 10:57

سڈنی ، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جون۔2016ء)پاکستان کے اسٹار آل راوٴنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمے کے مالک جاوید آفریدی کے ساتھ اختلافات کے اشارے دیے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ انٹرویو میں 36 سالہ آل راوٴنڈر نے واضح کیا کہ وہ پشاور زلمے تک محدود نہیں ہیں۔'میں ایک پیشہ ور کرکٹر ہوں اور جس فرنچائز کو بھی میری ضرورت ہو گی میں اس کو دستیاب ہوں۔

ایسا نہیں کہ میں صرف پشاور زلمے تک محدود ہوں'۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میری موجودہ ٹیم زلمے ہے لیکن مجھے آگے بڑھنے سے قبل جاوید آفریدی کے ساتھ چند معاملات حل کرنے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے خیبر پختونخوا میں باصلاحیت نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو منظر عام لانے کی کوششیں کرنے پر زلمے کے مالک کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمے کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ ایک فرنچائز بنانے کا مقصد محض پی ایس ایل کھیلنا نہیں بلکہ پاکستان میں کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے اور میں پشاور اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں ٹورنامنٹس اور کیمپ کے انعقاد پر اس کا سہرا زلمے کے سر باندھوں گا۔

لیکن چند چیزوں کو حل کرنے کی ضرورت ہے لیکن ویسے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے ہیمپشائر کاوٴنٹی کا حصہ بننے والے آفریدی نے حال ہی میں 50 اوورز کے میچ کھیلنے کی کاوٴنٹی کی پیشکش قبول کر لی تھی۔