ملکی اقتدار پر قابض سیکولر اور بے دین طبقہ اسلام کو ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتاہے، سراج الحق

پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کے در پے ہے،اسلامی نظریاتی کونسل کو ختم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں میڈیا ، سیاست ، جمہوریت اور معیشت پر استعمار ی نظام کا قبضہ ہے ۔ اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ہم پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر والا ایک ویلفیئر اسلامی پاکستان بنائیں گے، ڈونرز کانفرنس سے خطاب

پیر 13 جون 2016 10:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جون۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی اقتدار پر قابض سیکولر اور بے دین طبقہ اسلام کو ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتاہے اور پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کے در پے ہے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کو ختم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ۔ میڈیا ، سیاست ، جمہوریت اور معیشت پر استعمار ی نظام کا قبضہ ہے ۔

اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ہم پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر والا ایک ویلفیئر اسلامی پاکستان بنائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈونر کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر العظیم اور چوہدری ریاض ساہی بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج ملک میں روزانہ بہنوں بیٹیوں کو زندہ جلایا جارہاہے اور غربت سے پریشان لوگ بچوں سمیت خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے اٹھارہ ہزار ارب سے زائد بیرونی قرضے لیے ہیں ۔ ملکی GDP کا 42 فیصد سود کی ادائیگی میں جارہاہے ۔ ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے ۔

حکمرانوں نے ہمارے ہاتھوں میں غلامی کی ہتھکڑیا ں اور پاؤں میں بیڑیاں پہنا دی ہیں ۔ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں بھی حکمران عیش و عشرت کی زندگی میں پڑے ہوئے ہیں اور اللہ سے ڈرنے کی بجائے اس سے بغاوت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے گھروں کو بچانے کے لیے پاکستان کو ان لٹیرے اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں حق اور باطل کی کشمکش ہے ۔

ایک سال قبل جب ہم نے کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی تویہ لوگوں کے لیے ایک نیا نعرہ تھا لیکن آج کرپشن فری پاکستان کا نعرہ قوم کے بچے بچے کی زبان پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان کسی صورت بھی باطل کی حکمرانی کو برداشت نہیں کرسکتا ۔ ہم بد دیانت اور عیاش لوگوں کو اقتدار سے نکالنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہاکہ ہماری منزل اسلامی اور خوشحال پاکستان ہے ۔

ہم نے 2018 ء کے انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ عوام کو بھوک اور پیاس اور ظلم و جبر کے نظام سے نجات دلانے کے لیے ہم نے اپنی جان کی بازی لگادینے کا فیصلہ کیاہے ۔ پاکستان کے تحفظ کے لیے عوام کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج ملک اربوں کھربوں کا مقروض ہے حالانکہ اپنے قیام کے وقت اس پر ایک روپے کا بھی قرض نہیں تھا ۔

بار بار اقتدار میں آنے والوں نے اپنے کاروبار اور بنک بیلنس بڑھائے مگر قوم کی تقدیر بدلنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان 27 رمضان المبارک کو معرض وجود میں آیا تھا ، قیام پاکستان کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے والوں کی آنکھوں میں جو خواب تھے وہ 70سال بعد بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ سراج الحق کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے اس قوم کو بہترین دیانتدار قیادت عطا فرمائی ہے اگر قوم ان کو خدمت کا موقع دے تو ان کے خوابوں کی تعبیر مل سکتی ہے ۔