پیمرا نے رکن صوبائی اسمبلی کی لغو گفتگو نشر کرنے پر ایک نجی نیوز چینل کو شو کاز نوٹس جاری کردیا

پیر 13 جون 2016 10:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جون۔2016ء)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی( پیمرا) نے اتوار کو ایک نجی نیوز چینل کو رکن صوبائی اسمبلی میاں محمود الرشید کی لغو گفتگو نشر کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے۔نوٹس کے مطابق 10 جون 2016ء کو رات 8 بجکر48 منٹ پر دنیا ٹیلی ویژن نے لغو گفتگو نشر کی جو کہ ایسی گفتگو نشر کرنے کے حوالے سے پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس کی کسی کو اجازت نہیں۔

(جاری ہے)

پیمرا کے جنرل منیجر آپریشنز کے دستخطوں سے جاری نوٹس میں دنیا ٹی وی کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ 19 جون تک اتھارٹی کے سامنے پیش ہوں اور اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں۔ نیوز چینل سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپنے جواب میں اس بات کی بھی وضاحت کی جائے کہ پیمرا کی ہدایات پر براہ راست نشریات کیلئے ٹائم ڈیلے میکنزم انسٹال کیا گیا تھا یا نہیں۔اور اگر یہ طریقہ کار نصب کیا گیا تھا تو پیمرا کو معائنے کیلئے اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ آیا چینل نے اپنی اڈیٹوریل کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے یا نہیں اور اگر اڈیٹوریل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تو اس کی تفصیلات بھی ریگولیٹری اتھارٹی کو فوری طور پر فراہم کی جائیں۔