ٹریکٹر ٹرالی ٹریکٹر ٹرالی ہوتی ہے چاہے وہ پارلیمنٹ کے اندر ہو یا باہر، عابد شیر علی

ٹریکٹر ٹرالی کسانوں کا نشان ہے اس پر خوش ہونا چاہیے خواجہ آصف کا بڑا پن ہے اراکین اسمبلی سے معافی مانگی، سحر و افطار میں بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں بجلی نہیں دیں گے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 12 جون 2016 11:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی ٹریکٹر ٹرالی ہوتی ہے۔ چاہے وہ پارلیمنٹ کے اندر ہو یا باہر۔ ٹریکٹر ٹرالی کسانوں کا نشان ہے اس پر خوش ہونا چاہیے۔ خواجہ آصف کا بڑا پن ہے کہ اراکین اسمبلی سے معافی مانگی۔ سحر و افطار میں بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں بجلی نہیں دیں گے۔

ہفتہ کے روز فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے بجلی و پانی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے تمام اقدامات کررہے ہیں۔ جلد ہی لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوگی۔ سحر و افطار میں بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی یہ حکومت وہاں بجلی کم فراہم کررہی ہے اور لوڈ شیڈنگ بھی زیادہ کی جارہی ہے بجلی چوری کرنے والوں پر ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں مگر مقامی پولیس بجلی چوروں کی گرفتاری میں ساتھ نہیں دے رہی رمضان میں کوشش کررہے ہیں کہ انڈسٹریل ایریا میں صرف چار سے پانچ گھنٹے لوڈشیڈنگ کررہے ہیں اگست تک 18000 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کو ٹچ کر جائیں گے انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر ٹرالی ٹریکٹر ٹرالی ہوتی ہے وہ چاہے پارلیمنٹ میں ہو یا پارلیمنٹ ہاؤس کے بارہ ‘ خواجہ آصف جس وقت پارلیمنٹ ہاؤس میں خطاب کررہے تھے اس وقت متعدد اراکین شور مچا رہے تھے خواجہ آصف نے کسی رکن اسمبلی کا نام نہیں لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بغیر کسی املاک کو نقصان پہنچائے احتجاج کرنا ہر جماعت کا حق ہے لیکن عمران خان کی جانب سے کنٹینرز پر اس سے بھی زیادہ گندی سیاست کی گئی تھی۔ عمران خان جس پارلیمنٹ کو چور اور ڈکیت کہتے تھے پھر اسی پارلینٹ میں آکر بھی بیٹھے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عوام کی دعاؤں سے تیزی سے صحت یابی ہوکر عید سے پہلے وطن واپس آجائیں گے۔ حکومت کی ٹی او آر کے معاملے پر سنجیدہ اور نیت صاف رکھتی ہے وزیراعظم کا نام پانامہ لیکس میں نہیں آیا لہذا وزیراعظم کا نام ٹی او آر میں نہیں آسکتا۔