ٹی اوآرز طے نہ ہوئے تو دس فیصد عوام کو سڑکوں پر لا کر دکھائیں گے، عمران خان

حکومت تحریک نہیں برداشت کر سکے گی، موقع ملا تو ریٹائر ہونے والے چاروں الیکشن کمشنرز کا احتساب کریں گے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 12 جون 2016 11:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ٹی اوآرز طے نہ ہوئے تو دس فیصد عوام کو سڑکوں پر لا کر دکھائیں گے، حکومت تحریک نہیں برداشت کر سکے گی، موقع ملا تو ریٹائر ہونے والے چاروں الیکشن کمشنرز کا احتساب کریں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت احتساب سے بچنے کیلئے معاملے کو طول دینا چاہتی ہے۔

ٹی او آرز طے نہ ہوئے تو دس فیصد عوام کو سڑکوں پر لا کر دکھائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کو تنہاء کرنے کی کوشش کرے گی، سیاست دانوں کو چھانگا مانگا کی طرح پھر خریدا جائے گا۔ ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ دھرنا چار حلقے نہ کھولنے پر دیا تھا، ثابت ہو گیا چاروں حلقوں میں دھاندلی ہوئی، موقع ملا تو ریٹائر ہونے والے چاروں الیکشن کمشنرز کا احتساب کریں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن آف نون لیگ ہے، چاروں ارکان مجرم ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے کسی چیز کا خوف نہیں اس لیے خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، نوازشریف کے احتساب والے ٹی اوآرز پر میرا بھی احتساب کرلیا جائے لیکن شریف فیملی ٹی اوآرز سے ڈری ہوئی ہے، وزیراعظم بتائیں انہیں اس میں کس چیز کا خوف ہے، حکومت کو الزامات کے سچ ہونے کا خوف ہے، (ن) لیگ والے ڈرے ہوئے ہیں کہ تحقیقات میں سب سامنے آجائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ اس معاملے کو طوالت دینا چاہتی ہے کیونکہ ان کی کوشش ہے کہ احتساب ممکن ہی نہ رہے، (ن) لیگ والے سیاستدانوں کو خرید کر اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں لیکن کوئی ہمارا ساتھ نہ دے ہم تب بھی سڑکوں پر نکلیں گے کیونکہ شریف فیملی کی چوری پر خاموشی غریبوں پر ظلم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اکیلی نہیں عوام ہمارے ساتھ ہیں، ہم نوازشریف کے احتساب کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے اور ٹی آر اوز نہ بنے تو 10 فیصد عوام کو سڑکوں پر لاکردکھائیں گے۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موقع ملا تو ملکی دولت لوٹنے والوں پر آرٹیکل 6 نافذ کریں گے اور ان سب کا احتساب ضرور کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ چاروں الیکشن کمشنر (ن) لیگ کے ارکان ہیں ہم اپنی پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ پر (ن) لیگ کے الیکشن کمیشن کو نہیں بلکہ عدالت کو جواب دیں گے۔