بغداد میں خودکش دھماکے؛ 7 فوجیوں سمیت 25 افراد ہلاک، 70 سے زائد زخمی

داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

جمعہ 10 جون 2016 10:42

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جون۔2016ء) عراقی دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 2 خودکش بم دھماکوں میں 7 فوجیوں سمیت 25 افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق جمعرات کی صبح بغداد کے مختلف علاقوں میں اس وقت یکے بعد دیگرے 2 خودکش کار بم دھماکے ہوئے جب لوگوں کی بڑی تعداد اپنے روزمرہ کاروبار زندگی کی انجام دہی میں مصروف تھی۔

پہلا دھماکا بغداد کے مشرقی ضلع الجدیدہ کی مصروف تجارتی شاہراہ پر ہوا۔

(جاری ہے)

جہاں خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی عین اس وقت اڑا دی جب لوگوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کے سلسلے میں خریداری میں مصروف تھی، دھماکیکے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جب کہ 50 زخمی ہوگئے۔دوسرا حملہ بغداد کے شمالی علاقے تاجی میں واقع عراقی فوجی اڈے پر کیا گیا۔ جس میں خودکش حملہ آور نے بارودی گاڑی کو فوجی چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا، دھماکے کے نتیجے میں 7 فوجیوں سمیت 10 افراد ہلاک جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دونوں حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :