اوباما نے ہیلری کلنٹن کی نامزدگی کی باضابطہ طور پرتوثیق کردی،15جون سے ہیلری کی صدارتی مہم چلانے کا اعلان

امریکی صدارت کے لئے ہیلری کلنٹن سے زیادہ قابل شخصیت کوئی نہیں ہوسکتی،امریکی صدر

جمعہ 10 جون 2016 10:39

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جون۔2016ء )امریکی صدر باراک اوباما نے ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کی نامزدگی کی باضابطہ طور پرتوثیق کردی اور15جون سے وسکانسن میں ہیلری کی صدارتی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدارت کے لئے ہیلری کلنٹن سے زیادہ قابل شخصیت کوئی نہیں ہوسکتی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق برنی سینڈرز نے وائٹ ہاؤس میں صد ر براک اوباما سے ملاقات کی اورڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے کے لئے ہیلری کلنٹن کیساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ ہیلری کلنٹن کیساتھ مل کر ڈونلڈٹرمپ کو روکنے کے لئے کام کروں گا۔برنی سینڈرز سے ملاقات کے بعد صدر اوبامہ نے ہیلری کلنٹن کی توثیق کا فیصلہ کیا۔امریکی صدر نے ڈیموکریٹک امیدوار کے طور پر تاریخ رقم کرنے پر ہیلری کلنٹن کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ کتنا مشکل کام ہے ،مجھے پتہ ہے کہ ہیلری اس عہدے کے لئے بہت مناسب ہیں ۔اوبامہ نے 15جون سے وسکانسن میں ہیلری کی صدارتی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ امریکی صدارت کے لئے ہیلری کلنٹن سے زیادہ قابل شخصیت کوئی نہیں ہوسکتی۔ ہیلری کلنٹن صدارتی امیدوار کے لئے ڈیلی گیٹس کی مطلوبہ تعداد پوری کر چکی ہیں ۔