ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح سے ہی شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہا،بہاولنگر میں پارہ انتالیس ڈگری تک پہنچ گیا

محکمہ موسمیات کی مزید دو روز تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی

بدھ 8 جون 2016 09:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جون۔2016ء)ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں منگل کو یکم رمضان المبارک کے روز صبح سے ہی شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے، بہاولنگر میں پارہ انتالیس ڈگری تک پہنچ گیاہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر کے میدانی علاقوں میں جمعرات تک موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض جگہوں پر درجہ حرارت اڑتالیس سے پچاس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقے سب سے پہلے شدید گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے، جن میں ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی،اور نصیر آباد ڈویڑن شامل ہیں۔دو روز کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور،فیصل آباد، سرگودھا، کوہاٹ، پشاور ڈویڑن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :