مریدکے،چندایکڑاراضی کیلئے خاندان کی اکلوتی وارث لڑکی قتل

بدقسمت خاندان کے دیگرافرادبھی قتل کردئے گئے ،پولیس ملزمان کوکھوج لگانے میں ناکام

بدھ 8 جون 2016 09:37

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جون۔2016ء) چند ایکڑ زرعی زمین کی خاطر باپ، ماں اور بہن کے بعد خاندان کی اکلوتی سترہ سالہ لڑکی کوبھی موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ بد قسمت خاندان کے دیگر افراد بھی قتل کر دیئے گئے مگر پولیس ملزمان کا کھوج لگا کر دوسرے افراد کی زندگیاں نہ بچا سکی۔ پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث مقتولہ لڑکی کی نعش پورا دن اور رات ہسپتال میں بے یارو مدد گار پڑی رہی مگر اس کا پوسٹمارٹم نہ ہو سکا۔

مقتولہ کی ماں اور بہن کی نعشیں بھی قتل ہونے کے بعد دن بھر اسی ہسپتال میں پورا دن لاوارث پڑی رہیں مگر پوسٹمارٹم کے لیے لیڈی ڈاکٹر دستیاب نہ ہو سکی تھی۔ نعش کے ساتھ آنے والا اکلوتا کانسٹیبل بھی رات گیارہ بجے واپس چلا گیا۔ بتایاگیا ہے کہ تھانہ نارنگ منڈی کے علاقہ جے سنگھ والا میں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے خاندان کی اکلوتی سترہ سالہ لڑکی تنزیلہ عرف ربیعہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

تھانہ نارنگ منڈی پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچا دی مگر پوسٹمارٹم کے لیے ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے کے باعث پورا دن اور رات اس کی نعش بے یارو مدد گار پڑی رہی۔ مقتولہ کی نانی نے میڈیا کو بتایا کہ وراثت میں ملنے والی آٹھ ایکڑ زرعی زمین ہتھیانے کی خاطر رشتہ داروں نے 18سال قبل مقتولہ تنزیلہ کے والد منظور حسین کو قتل کر دیا جس کے بعد اس کی ماں راحیلہ بی بی نے دو کمسن بہنوں عائشہ اور تنزیلہ کی پرورش کی اور انہیں دشمنوں سے محفوظ رکھا اور 13سال تک عدالتوں میں جنگ لڑ کر اپنی بیٹوں کے حصے کی زمین اپنے نام کرائی جس کے ٹھیکہ کی رقم سے اپناگزراوقات شروع کیا۔

مگر آٹھ ماہ قبل دشمنوں نے دوبارہ حملہ آور ہو کر اس کی ماں اور18سالہ بہن کو موت کی نیند سلا دیا۔ پولیس نے اس دوہرے قتل کے الزام میں متعدد افراد کو حراست میں لیا مگر اصل ملزمان کا کھوج نہ لگا سکی۔17سالہ مقتولہ تنزیلہ اپنی نانی ناظراں بی بی کے ہمراہ نہ صرف اپنی زمینوں کی دیکھ بھال کر تی تھی بلکہ اپنی ماں اور بہن کے مقدمہ قتل کی بھی پیروی کرتی تھی۔ وقوعہ کے روز اس کا چچا اسے مریدکے سے لاہور لے کر گیا جہاں سے اسے اپنے گاوٴں جے سنگھ والا لیجایا گیا اور باپ، ماں اور بہن کی مقتل گاہ پر لیجا کر کمسن تنزیلہ کا سر بھی گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا۔ مقتولہ کی نانی نے اس کے چچا پر قتل کا الزام عائد کیا ہے جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق قاتل کوئی اور ہے جسے جلد سامنے لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :