سندھ رینجرز کا مشتبہ افراد کی موجود گی کی اطلاع پر فاروق ستار کے گھر کا محاصر ہ ،داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے ، گھر کے اطراف تلاشی لینے کے بعد محاصرہ ختم کردیا

ایم پی اے کامران فاروقی کی گرفتاری سلسلے میں چھاپا مارا گیا تھا ،کامران فاروقی کی حوالگی کے لئے سپیکر سندھ اسمبلی کو بھی خط لکھا، ایم کیو ایم کو کئی بار کہا ہمیں کامران فاروقی مطلوب ہے،رینجرز ذرائع

بدھ 8 جون 2016 10:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جون۔2016ء)سندھ رینجرز نے مشتبہ افراد کی موجود گی کی اطلاع پر کراچی کی پی آئی بی کالونی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کے گھر کا محاصر ہ کر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے اور گھر کے اطراف تلاشی لینے کے بعد محاصرہ ختم کردیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کی رات رینجرز نے کراچی کی پی آئی بی کالونی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کے گھر کا محاصر ہ کر لیا، رینجرز کی 8سے زائد گاڑیاں اور 30سے زائد جوانوں نے تین گلیوں کو بند کر دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کامران فاروقی کی گرفتاری سلسلے میں چھاپا مارا گیا تھا ،کامران فاروقی کی حوالگی کے لئے سپیکر سندھ اسمبلی کو بھی خط لکھا، ایم کیو ایم کو کئی بار کہا ہمیں کامران فاروقی مطلوب ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں رینجرز نے گھر کے اطراف کی تلاشی کے بعد فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ ختم کردیا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی فاروق ستار کے گھر کے باہر جمع ہو گئی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ رینجرزپی آئی بی میں ان کے گھر کے سامنے اور پیچھے والی گلی میں موجود ہے ،میری اہلیہ سے بات چیت ہوئی ہے ،انہوں نے کہا کہ رینجرز والے کسی مرد کو باہر بلا رہے ہیں۔رینجرز کی بھاری نفری گھر کے باہر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھی تک نہیں بتایا گیا کہ آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں ہم چاہتے ہیں کہ اسی سسٹم کے ساتھ انصاف لیں میری خواہش تھی کہ رینجرز اہلکار میڈیا کے کیمروں کے ساتھ گھر میں آئیں، ہم قانون پسند شہری ہیں ایم کیو ایم پاکستان کی پرامن اور چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے ۔

اپنے بیان میں ترجما ن ایم کیوایم کا کہناتھا کہ رینجرز کا فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ تشویش ناک ہے ،رینجرز کو فاروق ستار کے گھر سے فوری ہٹایا جائے۔