بھارت ،ممبئی پونے ایکسپریس وے حادثے میں 17 افراد ہلاک،33زخمی

ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ،مرنے والوں میں چھ ماہ کا بچہ ، 10خواتین اور 6 مرد شامل ہیں ، زخمیوں کو ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال میں داخل کرادیا گیا

پیر 6 جون 2016 10:37

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جون۔2016ء)بھارت کے معروف شہر ممبئی میں پو نے ایکسپریس وے پر حادثے میں17افراد ہلاک اور33سے زائد زخمی ہو گئے ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ،مرنے والوں میں ایک چھ ماہ کا بچہ ، 10خواتین اور 6 مرد شامل ہیں ، زخمیوں کو نئی ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ممبئی پولیس کنٹرول روم کے مطابق پونے سے ممبئی کی جانب آنے والی ایک کار کا ٹائر پنویل کے قریب پنکچر ہو گیا ، اس کار کے مسافروں کی مدد کے لیے پیچھے سے آنے والی ایک انووا کار وہاں رکی۔

جب یہ لوگ سوئفٹ کار کا ٹائر تبدیل کر رہے تھے تو ستارا سے ممبئی جانے والی ایک پرائیوٹ لگژری بس نے دونوں کاروں کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔اس تصادم کے بعد بس اور انووا ایک 20 فٹ گہری کھائی میں جا گریں۔

(جاری ہے)

حادثے میں ایک چھ ماہ کے بچے، دس خواتین اور چھ مردوں سمیت 17 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 33 دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی نوی ممبئی پولیس اور ہائی وے پولیس کی ٹیمیں ایمبولینسوں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچیں اور فوری طور پر امدادی کام شروع کیا۔

نوی ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ایک جائزے کے مطابق انڈیا میں سڑک حادثے میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں اور اس کی وجہ ٹریفک اصولوں کی پروا نہ کرنا، سڑکوں کا خراب ہونا اور حد سے زیادہ تیز گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :