آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس

بولرز کی فریاد سے آئی سی سی کو رحم آگیا ،عتاب سے بچانے کیلئے بیٹ کا سائز محدود کرنے کی تجویز سامنے آگئی کمیٹی نے اصرار کیاکہ قوانین تشکیل دینے کا ذمہ دار میریلیبون کرکٹ کلب اس حوالے سے قواعد پر نظر ثانی کرے، ڈی آر ایس میں بہتری کیلئے تبدیلیوں کی سفارش ہوگی ہوم سیریز میں مہمان ٹیموں کو مشکلات سے دوچار کرنے کیلئے ٹیسٹ میچز کی ناقص پچز تیار کرنے کی بھی حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا کرکٹرز کو برٹش سیفٹی سٹینڈرڈ پر پورا اترنے والے ہیلمٹ کے استعمال کا لازمی طور پر پابند کرنے کا فیصلہ بھی ہوگیا

اتوار 5 جون 2016 11:16

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جون۔2016ء) بولرز کی فریاد سے آئی سی سی کو رحم آگیا ، عتاب سے بچانے کیلئے بیٹ کا سائز محدود کرنے کی تجویز سامنے آگئی،کرکٹ کمیٹی نے اصرار کیاکہ قوانین تشکیل دینے کا ذمہ دار میریلیبون کرکٹ کلب اس حوالے سے قواعد پر نظر ثانی کرے، ڈی آر ایس میں بہتری کیلئے تبدیلیوں کی سفارش ہوگی۔تفصیلات کے مطابق جدید کرکٹ میں بولرز اکثر بیٹسمینوں کی بے رحمی کا شکار ہوتے ہیں، چوکوں، چھکوں کی برسات میں پیسرز اور سپنرز کے ارمان دھل جاتے ہیں، کئی بڑے بولرز برملا کہہ چکے کہ نئے قوانین بیٹسمینوں کے حق میں ہیں، اس میں تبدیلی لائی جائے، ان فریادوں سے اب کونسل کا دل بھی پسیج گیا، سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر انیل کمبلے کی زیر صدارت لارڈز میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں بیٹ اور بال میں عدم توازن پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کئی سابق کرکٹرز بھی ان کے ہمنوا تھے کہ بیٹ میں بال کو ہٹ کرنے کے مقامات (سویٹ سپاٹ) بھاری ہونے کی وجہ سے بولرز کی شامت آجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اصرار کیا کہ کرکٹ قوانین تشکیل دینے کی ذمہ دار میریلیبون کرکٹ کلب بیٹ سائز کے حوالے سے قواعد پر نظر ثانی کرے۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کو ایم آئی ٹی انجینئرز کی جانب سے ڈی آر ایس میں بہتری لانے کیلئے کیے جانے والے نئے ٹیسٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، اس سے خاص طور پربیٹ کا کنارا چھوکر جانے والے گیندوں پر کیچ کے حوالے سے درست فیصلے ممکن ہوسکیں گے، چند ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں تبدیلیوں کی سفارش بھی کردی جائے گی۔

تینوں فارمیٹ کے مقابلوں میں توازن برقرار رکھنے کی ضروت محسوس کرتے ہوئے کرکٹ کے ڈھانچے میں تبدیلیوں کو ناگزیر قرار دیا گیا، ہوم سیریز میں مہمان ٹیموں کو مشکلات سے دوچار کرنے کیلئے ٹیسٹ میچز کی ناقص پچز تیار کرنے کی بھی حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے مسابقتی کرکٹ کے فروغ کیلیے ایسے شیڈول بھی وضع کرنے پر زور دیا ہے جن میں مہمان ٹیموں کو مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلئے وقت مل سکے، طویل فارمیٹ کی کرکٹ کے فروغ کیلئے نائٹ ٹیسٹ کو اہم قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی گئی کہ اس سے شائقین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

ہوم سیریز میں مہمان ٹیموں کو مشکلات سے دوچار کرنے کیلیے ٹیسٹ میچزمیں ناقص پچز تیار کرنے کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نائٹ ٹیسٹ کے فروغ کیلیے رکن ملکوں کو مصنوعی روشنی، پچزاورگیندوں کا معیار برقرار رکھنے کیلیے ضروری اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت دی جائے گی،غیر معیاری ہیلمٹ کا استعمال جاری رہنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، سر پر انجری کی صورت میں متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی تجویز رد کردی گئی، سفارشات جولائی میں شیڈول چیف ایگزیکٹیوز اور بورڈ میٹنگ میں پیش کی جائیں گی۔

تمام رکن ملکوں کو اس ضمن میں مصنوعی روشنی، پچز، گیندوں کا معیار برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی زیادہ موثر انداز میں مارکیٹنگ کو بھی اہم قرار دیا گیا۔کمیٹی نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ تاحال انٹرنیشنل کرکٹ میں غیر معیاری ہیلمٹ کے استعمال کا سلسلہ جاری اور متعدد واقعات سامنے آرہے ہیں، سفارش کی گئی کہ کرکٹرز کو برٹش سیفٹی سٹینڈرڈ پر پورا اترنے والے ہیلمٹ کے استعمال کا لازمی طور پر پابند کیا جائے، آسٹریلیا کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ میں سر پر انجری کی صورت میں متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی،ارکان نے معاملے کی سنجیدگی کا اعتراف تو کیا تاہم تجویز رد کردی گئی۔

کمیٹی نے مشکوک بولنگ ایکشن کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے رکن ممالک سے کہاکہ وہ چکرز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں ہی گرفت میں لانے کی کوشش کریں تاکہ انٹرنیشنل سطح پر متعارف ہونے سے قبل ہی ان کے مسائل حل ہوسکیں۔ انیل کمبلے نے کہاکہ مختلف امور پر خاصی مثبت پیش رفت ہوئی،ہماری سفارشات کو آئی سی سی کی ایڈنبرا میں جولائی میں ہونے والی آئندہ چیف ایگزیکٹیوز اور بورڈ میٹنگ میں پیش کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :