حکام نے شہباز شریف کیلئے’ پرانے جہاز‘ کی تلاش شروع کر دی

استعمال شدہ طیارے کی تلاش کا کام پنجاب حکومت کے افسران کو سونپ دیا گیا،طیارہ 2 ارب روپے کی مالیت کا ہو ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی افسران کو ہدایت

اتوار 5 جون 2016 11:11

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جون۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے لیے سرکاری حکام نے ’ استعمال شدہ طیارے‘ کی تلاش شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف ایک پرانے ماڈل کا طیارہ خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ان کی حکومت پر کسی بھی قسم کے کرپشن اوران پر قومی خزانے کو لونٹے کے الزامات نہ لگ سکے۔استعمال شدہ طیارے کی تلاش کا کام پنجاب حکومت کے افسران کو سونپا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے افسران کو کم قیمت پر استعمال شدہ طیارہ تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی قیمت کم از کم 20 لاکھ ڈالر (2 ارب روپے) ہو، طیارہ 12 سیٹوں پر مشتمل اور خاص طور پر غیر ملکی کمپنی کا ہو اور کسی جرائم پیشہ فرد یا کسی شوبزشخصیت کی ملکیت نہ ہو۔خیال رہے کہ ان تمام خصوصیت کے حامل نئے طیارے کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 30 لاکھ ڈالر ( تقریبا 3ارب روپے) ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ طیارے کی خریداری کے حوالے سے رابطہ کیا جائے گا، ہوسکتا ہے کہ جہاز بنانے والی کمپنی سے استعمال شدہ طیارے کو خریدنے کے بارے میں بات کریں۔حکام نے بتایا کہ نئے جہاز کی قیمت عام طور پر بہت زیادہ ہے لیکن وزیر اعلیٰ کم قیمت پر استعمال شدہ جہاز خریدنا چاہتے ہیں تاکہ کوئی ان کے جہاز خریدنے پر مخالفت نہ کرسکے، اسی وجہ سے ہم جہاز بنانے والی کمپنی سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔استعمال شدہ طیارے کی قیمت بھی اتنی کم کے سوال کے جواب میں حکام نے کہا کہ ‘ہاں! استعمال شدہ طیارے کی قیمت بھی بہت زیادہ ہے، بہر حال ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم کے مطابق 2 ارب روپے کا استعمال شدہ طیارہ خریدیں گے‘