پارلیمنٹ کو جوابدہ ہوں امریکہ کو نہیں،چوہدری نثار علی خان

بلاول بچے نہیں لیکن سیاست سے نابلد ہیں،پارلیمانی نظام میں وزیراعظم کی جگہ کوئی دوسرا نہیں لے سکتا، وزیر اعظم تین سالوں میں کئی بار بیرون ملک گئے ،کیا آئینی و قانونی خلاء پیدا ہوا؟کچھ لوگ بے پرکی اڑاتے ہیں،وزیر داخلہ نادرا کو ہر صورت صاف کروں گا،نادرا بدعنوان نہیں ،چند بدعنوان عناصر کرپٹ ہیں،یہاں غلط کام آسان اور صحیح کام مشکل ہے، ڈھائی برسوں میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ شناختی کارڈ بلاک اور ہزار پاسپورٹس بلیک لسٹ ہوئے،پہلے روزانہ دھماکے ہوتے تھے اب ملک میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر ہے ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 جون 2016 11:10

کلر سیداں ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جون۔2016ء)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے کسی کے اشارے پر کارروائی نہیں کریں گے ،ہمارے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کسی امریکی رپورٹ کے محتاج نہیں ،پارلیمنٹ کو جواب دہ ہوں امریکہ کو نہیں، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بچے نہیں رہے لیکن سیاسی نابلد ہیں،پارلیمانی نظام میں وزیر اعظم کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا ،چند لوگ بے پرکی اڑاتے ہیں،،نادرا کرپٹ ادارہ نہیں لیکن چند عناصر کی وجہ سے اس ادارے پر بدعنوانی کا ٹھپہ لگا ہے،جب سے وزارت سنبھالی ہے ان کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے ،ہفتہ کے روز کلر سیداں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بلاول بھٹو زرداری کو سیاست سے نابلد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ بچے نہیں ہیں سیاست کی سوچ بوجھ رکھنی چاہیے، ضروری نہیں کہ ہر غیرسنجیدہ بیان پر تبصرہ کیا جائے، لہذا اگر انھوں نے کوئی بیان دے بھی دیا ہے تو بھی وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے یہ بیان کبھی نہیں دیا بلکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ بیماری کے باعث نواز شریف کی غیر موجودگی میں کسی اور کو وزیراعظم بنانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ وہ 32 سال سے سیاست میں ہیں اور تمام اصولوں سے واقف ہیں، لیکن پاکستان میں ایک روایت بن چکی ہے کہ عوام کی توجہ انتہائی غیر ضروری چیزوں کی طرف موڑ دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہے بیمارہوں، چھٹی پر ہوں یا غیر ملکی دورے پر ہوں، کابینہ اپنا کام کرتی ہے اور پاکستان کی کابینہ اپنا کام کر رہی ہے۔ پارلیمانی نظام میں وزیراعظم کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا، وزیراعظم پچھلے 3 سالوں میں کئی مرتبہ بیرون ملک گئے، کیا اس سے آئینی و قانونی خلاء پیدا ہوا؟پارلیمانی نظام میں وزیراعظم ہی وزیراعظم ہوتا ہے، پارلیمانی حکومت میں وزیراعظم کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا،کچھ لوگ بے پرکی اڑاتے ہیں، دنیا بھر کے سربراہان مملکت ہفتوں چھٹیوں پر جاتے ہیں لیکن وہاں انتظامی نظام اسی طرح چلتا رہتا ہے، اسی طرح پاکستان میں بھی وفاقی کابینہ کام کررہی ہے، وزیر داخلہ نے کروڑوں افراد کے شناختی کارڈ کی تصدیق کا آسان طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی نادرا آفس آنے کی ضرورت نہیں، بلکہ تمام سم ہولڈرز کو موبائل فون پر خاندان کی تفصیلات بھیجی جائیں گی،انھوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی اچھی طرح سے تصدیق کریں۔

وزیر داخلہ نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا کہ جعلی شناختی کارڈ کی نشاندہی کرنے والے کو 10 ہزار روپے بطور انعام دیئے جائیں گے۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ پاکستان کی پارلیمنٹ یا مقننہ کے سامنے جوابدہ ہیں امریکا کے نہیں،پاکستانی سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کسی امریکی رپورٹ کے محتاج نہیں ،ہم نے کارروائی کرنی ہوگی تو ہم خود مختار ہیں ہم کسی کے اشارے پر کارروائی نہیں کریں گے،ہم نے آپریشن ضرب عضب میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہمیں ہر رپورٹ کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے، دہشتگردوں کیخلاف کامیابی کسی رپورٹ کی محتاج نہیں ،حقیقت یہ ہے کہ ملک میں 2013 کے مقابلے میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں۔

نیکٹا فعال ہے لیکن اس کے کام میں وسعت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پاکستان میں صحیح کام کرنے کے لئے بہت مشکلیں اور رکاوٹیں پیش آتی ہیں ، یہاں غلط کام کرنا آسان اور صحیح کام کرنا بہت مشکل ہے، وہ نادرا کو صاف کرنے کی کوشش کررہے ہیں،نادراکا ادارہ بدعنوان نہیں بلکہ چند افرادنے اسے بدنام کیا ہوا ہے، نادرا میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے توجہ دے رہے ہیں، انہوں نے جب سے وزارت کی ذمہ داری سنبھالی ہے نادرا میں کرپشن کے خلاف کارورائی کی جارہی ہے، نادرا میں کسی کرپٹ آدمی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ڈھائی برسوں میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ شناختی کارڈ بلاک کب کہ 39 ہزار پاسپورٹس بلیک لسٹ ہوئے۔

اور یہ سب کچھ ملا اختر منصور کی ہلاکت سے پہلے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورت حال کو بہتر ہے ، پہلے روز انہ دھماکے ہوتے تھے ، اب مہینوں نہیں ہوتے، نیکٹا فعال ہے اس کے کام میں وسعت لانے کی ضرورت ہے،نیکٹا کو فنڈز اوروسائل کی کمی کا سامنا ہے جسے دور کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں،چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اپنے حلقہ میں 14 ارب سے زائد ترقیاتی کاموں کا آغاز کروں گا ،صحت ،تعلیم اور سڑکوں کے منصوبوں پر یہ رقم خرچ کی جائے گی اور آج اس فنڈز کے ذریعے عوام کیلئے ایک ہسپتال کا افتتاح کررہا ہوں۔