بھارت میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران 2 اعلیٰ پولیس افسران سمیت 24 افراد ہلاک

اترپردیش کے ضلع ماتھورا میں تجاوزارت کیخلاف پولیس نے آپریشن کیا تو مظاہرین نے فائرنگ شروع کردی، بھارتی میڈیا

ہفتہ 4 جون 2016 10:42

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جون۔2016ء) بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ماتھورا میں تجاوزات کے خلاف آپریشنکے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایس پی پولیس سمیت 2 اہلکار اور 22 مظاہرین ہلاک ہوگئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق الہ آباد ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس کی بھاری نفری ضلع ماتھورا کے جواہرباغ کے علاقے سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے پہنچی تو علاقہ مکینوں نے احتجاج شروع کردیا اور پولیس پر پتھراوٴ بھی کیا تاہم جب معاملہ سنگین ہوا تو رہائشیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے مظاہرین کی جانب سے فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے مورچے بنا کر ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 22 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے ضلعی افسرجاوید احمد نے تصدیق کی ہے کہ پولیس کو تجاوزارت کے خلاف جاری آپریشن میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس میں ایس پی مکل دیودی اور ایس ایچ او سنتوش یادیو ہلاک ہوگئے جب کہ 22 مظاہرین جوابی فائرنگ میں مارے گئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشنکے دوران علاقے سے 47 پستول، 6 رائفلز اور 178 دستی بم برآمد کئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق رام رکش یادیو، چندن بوس، گرش یادیو اور راکیش گپتا مرکزی ملزم ہیں جنہوں نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران شہریوں کو اکسایا تاہم وہ فائرنگ کے دوران ہلاک ہوئے یا نہیں اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پولیس افسر راجیش کمار کے مطابق مظاہرین دستی بموں اور جدید اسلحہ سے لیس تھے جنہوں نے درختوں پر بیٹھ کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اترپردیش کے وزیراعلی نے معاملے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے جب کہ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق دو سال قبل جواہر باغ میں قبضہ کرنے والے لوگ خود کو ستیا گڑھی قرار دیتے ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ بھارت کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات منسوخ کئے جائیں اور ملکی کرنسی کو آزاد ہند فوج کرنسی سے تبدیل کیا جائے جب کہ ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ڈیزل ایک روپے میں 60 لیٹر اور پیٹرول ایک روپے میں 40 لیٹر تک فروخت کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :