نواب شاہ،سوتیلی ماں کا ظلم ،معصوم بچی پر وحشیانہ تشدد کرکے قتل کردیا

بچی جان بچانے سگے باپ کے پیچھے چھپتی رہی ،پولیس اہلکار باپ نے کوئی مدد نہ کی وحشی باپ اور سوتیلی ماں کو پولیس نے گرفتار کرلیا

جمعہ 3 جون 2016 09:27

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جون۔2016ء)سوتیلی ماں کا ظلم ،معصوم بچی پر وحشیانہ تشدد کرکے قتل کردیا ،بچی جان بچانے کے لئے سگے باپ کے پیچھے چھپتی رہی مگرپولیس اہلکار باپ نے کوئی مدد نہ کی۔وحشی باپ اور سوتیلی ماں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔بدھ کی رات اشرف کالونی میں میں پولیس اہلکار ریاض پٹھان کی دوسری بیوی رضیہ نے اپنی سوتیلی بیٹی دس سالہ آمنہ پر ڈنڈوں سے شدید تشدد کرکے قتل کردیا ،بچی کی چیخوں سے سارا علاقہ گونج اٹھااس سلسلے میں بچی کے جڑواں بھائی نے پولیس کے سامنے بیان دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری ماں کے انتقال کے بعد والد نے دوسری شادی کی مگر ہماری سوتیلی ماں ہم پر بہت ظلم اور تشدد کرتی تھیں جس کے باعث ہمارے دیگر دو بہن اور بھائی کو ماموں کے پاس بھیج دیا گیا اسی سلسلے میں بدھ کی شام ہماری سوتیلی ماں نے میری بہن آمنہ سے کہا کہ کپڑے دھو، مگر اس نے انکار کردیا جس پر سوتیلی ماں نے کپڑے دھونے والے ڈنڈے سے اس کی سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید وار کئے اسی دوران میری بہن جان بچانے کے لئے باپ کے پیچھے چھپتی رہی مگر باپ نے کوئی مدد نہ کی بلکہ بہن کو اٹھا کر سوتیلی ماں کے سامنے پھینک دیا اور پھر شدید تشدد کے باعث بہن ہلاک ہوگئیں جبکہ ڈر کے مارے میں گھر سے بھاگ کر اپنے رشتہ داروں کا پاس پہنچا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ میاں بیوی بچوں پر شدید ظلم کرتے تھے اور قتل کی رات بھی گھر سے بچی کی چیخنے کی آوازیں سنائی دیتی رہی اور پھر خاموشی چھا گئی۔پولیس کے مطابق ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔