افغانستان،طالبان کا حملہ،16افراد کو بسوں سے اتار کر ہلاک،درجنوں کو یرغمال بنالیا

بدھ 1 جون 2016 09:57

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2016ء)شمالی افغانستان کے شہر قندوز میں طالبان نے مختلف بسوں سے سفر کرنے والے16 افراد کو قتل جبکہ46افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے قندوز کے قریب ضلع علی آباد میں اپنی خود ساختہ چیک پوسٹ پر کابل سے بدخشاں جانے والی 4 مسافر بسوں کو روک کر اس میں سوار 230 سے زائد افراد کو یرغمال بنالیا،جس کے بعدانہوں نے مسافروں کے شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کرکے 46 افراد کو یرغمال بنا کر باقی تمام کو رہا کرکے انہیں آگے سفر کی اجازت دے دی۔

افغان میڈیا کے مطابق واقعے کے کچھ ہی دیر بعد یرغمال بنائے گئے افراد میں سے 16 کو قتل کردیاجبکہ دیگر تاحال ان کی تحویل میں ہیں۔اسی حوالے سے قندوز پولیس کے نائب سربراہ معصوم ہاشمی نے بتایا کہ قندوز کے پولیس کمانڈر شیر عزیز کماول نے واقعے کی تصدیق کی ہے کہ مغویوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی تاہم اغوا کئے گئے مسافروں میں سے 9 سے افغان فورسز کی وردی پہن رکھی تھی جبکہ دیگر پولیس کے سابق اہلکار ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم طالبان کی جانب سے اب تک واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے اس وقت افغانستان میں سرکاری فورسز اور امریکی افواج کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔