لاہور ، نشے میں دھت کار سواروں نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر مار دی

بھائی موقع پر جاں بحق،ملزمان نے زخمی خاتون کو ہسپتال پہنچانے کی بجائے نہر میں پھینک دیا ، ڈوب کر دم توڑگئی

منگل 31 مئی 2016 09:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2016ء)کا ہنہ کے علا قے میں شراب کے نشے میں دھت کار سواروں نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔ بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ ملزمان نے زخمی خاتون کو ہسپتال پہنچانے کی بجائے نہر میں پھینک دیا جو ڈوب کر دم توڑگئی۔تفصیلات کے مطا بق کاہنہ کے علاقے صوئے آصل میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق مقامی رہائشی فرمان اپنی بہن اور بھانجوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پیچھے سے آتی ہوئی تیز رفتار کار نے انہیں کچل ڈالا ۔

(جاری ہے)

فرمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ سنگدل ملزمان نے فرمان کی بہن فرزانہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کرنے کی بجائے اسے نہر میں پھینک دیا جوڈوبنے کے باعث جاں بحق ہو گئی۔موقع پر موجود شہریوں نے کار سواروں کو پکڑ لیا اور خوب درگت کا نشانہ بنانے کے بعد حوالہ پولیس کر دیا ۔زخمی ہونے والے تینوں بچوں کو طبی امداد کے لئے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔کاہنہ پولیس کا کہنا ہے کہ کار سوار دونوں ملزمان شراب کے نشہ میں دھت تھے جبکہ حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا ۔پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ گاڑی بھی قبضہ میں لے لی ہے ۔پولیس نے جاں بحق ہونے والے دونوں بہن بھائیوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔

متعلقہ عنوان :